392

چترال کی تاریخی وادی کیلاش میں ہر سال منعقد ہونے والے چلم جوشٹ (جوشی) تہوار 14 مئی 2022سے شروع ہوگاجبکہ اختتامی تقریب 16مئی کو منعقد ہو گی

۔ چترال ( نمائندہ ) محکمہ سیاحت، ثقافت، کھیل، آثارقدیمہ،میوزیم و امورنوجوانان خیبرپختونخوا کے زیرانتظام خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ چترال لوئر کے باہمی اشتراک سے چترال کی تاریخی وادی کیلاش میں ہر سال منعقد ہونے والے چلم جوشٹ (جوشی) تہوار 14 مئی 2022سے شروع ہوگاجبکہ اختتامی تقریب 16مئی کو منعقد ہو گی۔ خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کے تعاون سے صوبہ کے سیاحتی اور تاریخی مقام کیلاش میں منعقد ہونے والے جوشی تہوارکو بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹرجنرل خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی عابد خان وزیر نے کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر اینڈمن اینڈفنانس کلچراینڈٹورازم اتھارٹی یوسف علی اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ اس موقع پرڈائریکٹر اینڈمن اینڈفنانس کلچراینڈٹورازم اتھارٹی یوسف علی نے بتا یا کہ چترال کی ویلی کیلاش میں بہار کی آمد پر منایا جانے والا کالاش قبیلے کا مشہور تہوار (جوشی)چلم جوش تہوار13 مئی سے شروع ہوتا ہے۔ پہلے روزکیلاشی اپنے گھروں اور دیگر مقامات کی تزہین و آرائش کرتے ہیں جبکہ 14 مئی کو کیلاشی خواتین دودھ پلانے اور دودھ تقسیم کرنے کی رسم (چیرک پی پی) مناتی ہیں۔15 مئی کو چوتیاک زوشی کی رسم سمیت نے پیدا ہونے والے بچوں کیلئے رسومات  اور گھونا زوشی سمیت دیگر رسومات اور روایتی و ثقافتی رقص کیا جاتا ہے۔ فیسٹیول کے آخری روز وادی بمبوریت میں جوشی تہوار کا میلہ منعقدہوتا ہے۔ چلم جوش  فیسٹیول کی عالمی سطح پر رونمائی بھی حاصل ہے اسی وجہ سے غیر ملکی سیاح بھی اس فیسٹیول کا حصہ بننے کیلئے اس وادی کا رخ کرتے ہیں۔ٹورازم اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ چترال لوئر کے باہمی اشتراک سے سیاحوں کیلئے ٹینٹ ویلیج کا قیام، کیلاش کی تینوں وادیوں کیلئے تین روز کھانے پینے کا انتظام اور وادی کا رخ کرنے والے سیاحوں کیلئے موسیقی محفل منعقد کی جائے گی تاکہ سیاح لطف اندوز ہوسکیں۔ دریں اثنا  ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی محمد عابد خان وزیر نے یونان سے آئے ہوئے غیرملکی سیاحوں کے ایک وفد سے خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کے کانفرنس روم میں ملاقات کے دوران  کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر سیاحتی مقامات کی جانب غیرملکی سیاحوں کا رخ کرنا احسن اقدامات ہے۔  وفد میں مردو خواتین شریک ہیں جو کہ پاکستان کے مختلف شہروں کی سیر کے بعد پشاور آئے ہیں جس کے بعد وہ ملاکنڈ ڈویژن کا رخ 

کرینگے۔ ڈی جی ٹورازم اتھارٹی عابد خان وزیر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں کیلاش وادی میں شروع ہونے والے تاریخی چلم جوشی فیسٹیول میں شرکت کی دعوت دی۔انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا سیاحت کے لحاظ سے قدرتی حسن سے مالا مال صوبہ ہے۔ صوبہ میں سیاحت کے فروغ کیلئے صوبائی حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اسی وجہ سے عیدالفطر پر کثیر تعداد میں سیاحوں نے خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات کا رخ کیا۔ صوبے میں سیاحت کیلئے منفرد سیاحتی منصوبہ سیاحتی زونز پر کام جاری ہے جو اپنی نوعیت کا منفرد منصوبہ ہے۔ سیاحوں کیلئے ملک کی پہلی سیاحتی ہیلپ لائن 1422 بھی چوبیس گھنٹے فحال ہے جو سیاحوں کو ہر قسم کی معلومات اور سہولیات فراہم کررہی ہے۔ وفد نے ملاقات کے بعد عجائب گھر پشاور، سیٹھی ہاؤس، ہیریٹج ٹریل، گورگٹھڑی پشاور اور دیگر تاریخی مقامات کی سیر بھی کی۔ اس موقع پر انہوں نے 8 رکنی وفد کو ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے تحائف بھی پیش کئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں