305

ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای۔او۔سی) خیبر پختونخوا کی عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے تعاون سے شراکت دار اداروں کے لیے آگاہی ورکشاپ کا انعقاد

ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای۔او۔سی) خیبر پختونخوا نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے تعاون سے شراکت دار اداروں کے لیے آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ جس میں امراض اطفال اور صحت کے ماہرین کو بچوں میں Acute Flaccid Paralysis (AFP) یا فالج کی نشاندہی (سرویلینس) کے نظام کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا اور اس سے متعلق والدین کوپولیو ویکسین دینے پر زور دیا۔ ڈپٹی کوآرڈینیٹر زمین خان نے افتتاحی کلمات میں ای۔او۔سی خیبر پختونخوا کی جانب سے تمام شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر صاحبان اور صحت کے ماہرین معاشرے کا قابل احترام طبقہ ہے جو صحت اور دیگر امراض کے حوالے سے عوام کے طرز عمل کو ڈھالنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ان کی مدد سے والدین کو وبائی بیماریوں اور خصوصاً پولیو سے تحفوظ کے لیے بچوں کو دی جانے والی ویکسین کے لیے قائل کیا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر صاحبان اور صحت کے ماہرین والدین کے ذہنوں میں شکوک و شبہات کو دور کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور اپنے بچوں کو ہرانسداد پولیو مہم میں پولیو قطرے پلا کر پولیو خاتمے میں اپنا حصہ ڈالنے پر قائل کریں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر احتشام نے کہا کہ فرنٹ لائن ورکرز کی کاوشیں قابل تعریف ہیں جو پولیو کے خاتمے کے لیے اپنا خون پسینہ ایک کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو پروگرام ملک میں صحت عامہ سے متعلق سب سے بڑا پروگرام ہے جس کی کامیابی کے لیے معاشرے کے مختلف طبقات کی مدد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شراکت داروں بشمول ڈاکٹرصاحبان، مذہبی رہنما اور میڈیا نے بچوں کو پولیو قطرے پلانے کی غیر معمولی حمایت کی اور امید ہے کہ پولیو وائرس کے خاتمے تک یہ حمایت جاری رہے گی۔ قبل ازیں، پراونشل سرویلنس آفسر ڈاکٹر علاؤ الدین نے شرکاء کو پولیو پروگرام میں پیش رفت کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ AFP یا پولیو کی نشاندہی (سرویلینس) کے نضام کو بڑھانے اور بہتر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ خصوصاً ان دور دراز علاقوں میں جہاں صحت کی بہتر سہولیات میسر نہیں اور رسائی مشکل ہو۔ ان علاقوں میں کمیونٹی کی مدد سے وائرس کی نگرانی یا نشاندہی (سرویلینس) کے نظام کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیڈیاٰٹرک ایسوسی ایشن (پی۔پی۔اے) اور پبلک ہیلتھ ایسوسی ایشن (پی۔ایچ۔اے) کے ممبران والدین کو پولیو ویکسینیشن اور AFP یا ممکنا فالج کے کیسز کی جلد رپورٹنگ کے بارے میں تعلیم دینے میں اپنا کردارکریں۔انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں پولیو پروگرام نے سرویلینس یا نگرانی کے نظام و طریقہ کار کی نظر ثانی کی ہے اور اس کو وسیع کرنے کے لیے نئی بھرتیاں کرنے اور متعلقہ شراکت دار اداروں اور ضلعی سرویلینس کوآرڈینیٹرز کو آگاہ کرنے اور تربیت دینے کا فیصلہ کیا۔ اس موقع پر کوآرڈینیٹر ای۔آر۔یو محمد عمران، سینئر پروگرام آفیسر بی۔ایم۔جی۔ایف ڈاکٹر فیصل تاجدار، پراوِنشل سرویلنس آفیسر علمی ادارہ صحت ڈاکٹر علاؤ الدین، پراوِنشل پولیو اِریڈیکیشن آفیسر ڈاکٹر وحید کامران، ای۔پی۔آئی کوآرڈینیٹر پشاور ڈاکٹر محمد عارف، میڈیا ریلیشن آفیسر ای۔او۔سی ایمل ریاض خان، پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن اور پبلک ہیلتھ ایسوسی ایشن کے ممبران بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں