267

ملک میں بیروزگاری کی بنیادی وجہ کرپشن ہے۔مظفر سید ایڈوکیٹ

پشاور(نمائندہ ڈیلی چترال)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ بجٹ میں محنت کش طبقوں اور نوجوانوں کا خصوصی خیال ہو گا دیر پائیں کے علاقہ لال قلعہ میدان میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بیروزگاری، غربت اور پسماندگی کی بنیادی وجہ وسائل کی کمی نہیں بلکہ کرپشن اور بے انصافی ہے اس ضمن میں اصلاح احوال کیلئے کرپٹ حکمرانوں سے خیر کی کوئی توقع نہیں مگر ہماری امیدوں کا اصل مرکز نوجوان ہیں وہی قوم کی ڈولتی ناؤ کو سنبھالا دے سکتے ہیں انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ہمارے مزدور دن رات محنت کے باوجود نان شبینہ کو محتاج ہوتے ہیں جماعت اسلامی اس استحصالی نظام کے خاتمے اور اسلام کی سنہری تعلیمات کے مطابق انصاف پر مبنی فلاحی معاشرے کی تشکیل کیلئے کوشاں ہے ہم ملک کے نوجوانوں کو ساتھ لیکر کرپشن فری اسلامی فلاحی پاکستان کا خواب ضرور شرمندہ تعبیر بنائیں گے مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا کہ سودی نظام نے ہمارے معاشی حالات کا بیڑی غرق کیا ہے کیونکہ یہ نظام امیر کیلئے بظاہر مفید اور محنت کش کیلئے نقصان دہ ہے اور اسی بناء امراء طبقہ اسے برقرار رکھنے پر تلا ہے انہوں نے کہا کہ اس کا اندازہ ہمیں بینک آف خیبر میں اسلامی بینکاری کو آگے بڑھانے کی کوششوں میں بخوبی ہوا جس کی بنیاد ہمارے قائد سینیٹر سراج الحق نے رکھی تھی مگر سامراجی مزاج کا حامل طبقہ اس سے خوش نہیں اور اسے بند کرنے پر تلا ہے مگر ہم ایسا ہرگز نہیں ہونے دینگے بینک آف خیبر کے تحت اسلامی بینکاری نظام کو پورے ملک میں فروغ دیا جائے گا اور اس سلسلے میں کسی کی خوشی یا ناخوشی کی پرواہ نہیں کی جائے گی وزیرخزانہ نے یقین دلایا کہ نئے بجٹ میں تعلیم و صحت اور دیگر شعبوں کی ترقی کے علاوہ مزدوروں، غریب طلبہ، اساتذہ اور دیگر محروم طبقوں کی فلاح و بہبود کیلئے نئے پیکیج شامل کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں