459

مریضوں کو مقامی سطح پر علاج معالجے کی سہولت ممکن بنانے کے حوالے سے آواز دسٹرکٹ فورم کے عہدہ داروں اور ممبران کاڈی ایچ اوچترال سے ملاقات

چترال ( محکم الدین ایونی ) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر چترال ڈاکٹر اسرار اللہ نے کہا ہے ۔کہ چترال کے لوگوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے ۔ اور 2014 ے پورے چترال میں ادویات فراہم کئے جارہے ہیں ۔ تاکہ مریضوں کو مقامی سطح پر علاج معالجے کی سہولت ممکن بنایا جاسکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آواز دسٹرکٹ فورم کے عہدہ داروں اور ممبران کے ساتھ ایک اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جس میں صدر آواز ڈسٹرکٹ فورم قاضی سجاد ایڈوکیٹ ،سینئرممبر محمد عظیم ایڈوکیٹ ، جنرل سیکرٹری نابیگ ایڈوکیٹ ،ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر روبینہ بی بی ،نوریہ شازی اور دیگر خواتین ممبران شامل تھیں ۔ڈاکٹر اسرر اللہ نے فورم کو بتایا ، کہ سابقہ میٹنگ میں جن مسائل کی نشاندہی کی گئی تھی ،اُس کے مطابق بمبوریت بی ایچ یو میں عارضی طور پرڈاکٹر کی تعیناتی کی گئی ہے ۔ڈسپنسر اور دو ایل ایچ ویز خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ اور پی پی ایچ آئی کی خدمات کے خاتمے کے بعد بی ایچ یو میں صحت کے حوالے سے جو مسائل پیدا ہو گئے تھے ، اُن پر قابو پایا گیا ہے ۔ اس موقع پر وفد نے کالاش ویلی بمبوریت کے بی ایچ یو ، رمبور اور بریر کے ڈسپنسریوں میں ادویات کی نایابی کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ۔ کہ مذکورہ علاقے ڈیزاسٹر کی زد میں ہیں ۔ امسال قبل از وقت ہی سیلاب آنا شروع ہوگئے ہیں ۔ اس لئے اندیشہ ہے ۔ کہ کسی بھی وقت سڑکیں کٹاؤ کا شکار ہوں گی ۔ ایسی صورت میں ان علاقوں کے صحت کے مراکز میں ادویات کا وافر مقدار میں ہونا اشد ضروری ہے ۔ تاکہ ایمر جنسی حالات سے نمٹا جا سکے ۔ ڈی ایچ او نے اس حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا ۔کہ صحت کے ان مراکز میں فی الحال ادویات موجود نہیں ہیں ۔ لیکن حکومت نے ڈیزاسٹر کی مد میں ادویا ت خریدنے کیلئے ایک کروڑ چالیس لاکھ روپے کا ہنگامی بجٹ دے دیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر چترال کی اپرویل پر یہ ادویات خریدی جا ئیں گی ۔ فورم نے ادویات کی خریداری جلد سے جلد کرنے کیلئے ڈی ایچ او چترال اور ڈپٹی کمشنر چترال سے مطالبہ کیا ۔ وفد نے ایون رورل ہیلتھ سنٹر میں لیبر روم کی سہولت مہیا کرنے ، الیکٹریفیکشن اور رنگ و روغن کے کام انجام دینے پر ڈی ایچ او کا شکریہ ادا کیا ۔ اور مطالبہ کیا کہ ڈینٹل یونٹ کے کمرے کی حالت کو بھی درست کرنے کے سلسلے میں بھی اقدامات کئے جائیں۔ آواز ڈسٹرکٹ فورم نے ڈ سٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے جڑوان چلڈرن ہسپتال میں نرسز ہاسٹل کی تعمیر میں سست روی کی بنا پر پرائیویٹ رومز پر سٹاف کے قبضے سے مریضوں کیلئے پیدا ہونے والے مسائل سے بھی آگاہ کیا ۔ اور کہا ۔ کہ اس سلسلے میں ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال ڈاکٹر فیض الملک جیلانی سے بھی میٹنگ کی جائے گی ۔ اور ہاسٹل کی تعمیر میں مدد دینے والا ادارہ سرحد رورل سپورٹ پروگرام کے ذمہ داروں سے بھی ملاقات کرکے اس مسئلے کے حل کیلئے اقدامات تیز کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ آواز ڈسٹرکٹ فورم کے وفد نے ہیلتھ کے تمام ذمہ دار آفیسران کا شکریہ ادا کیا ۔کہ وہ صحت سے متعلق عوامی مفاد کے جو بھی مسائل اپنے ان آفیسران کے سامنے پیش کرتے ہیں ۔ وہ بہت زیادہ دلچسپی لے کر مسائل حل کرنے میں کردار ادا کرتے ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں