209

محکمہ فوڈ فلور ملزکے ذریعے دروش کے عوام کا استحصال بند کرے، عوام کو سرکاری گندم کے کوٹے سے محروم رکھنا قبول نہیں /قاری جمال عبدالناصر

دروش : معروف مذہبی و سیاسی شخصیت اور جمعیت علماء اسلام ضلع چترال کے سنیئر نائب امیر قاری جمال عبدالناصر نے کہا ہے کہ اہلیان دروش کو سرکاری گندم کے کوٹے سے محروم رکھنا کسی بھی طور قابل قبول نہیں اور اسکے خلاف زبردست احتجاج کیا جائے گا۔ میڈیا کو جاری کئے گئے بیان میں انہو ں نے دروش میں فلور مل کے قیام اور اس سے پیدا شدہ صورتحال کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ خوراک فلور ملز کے ذریعے عوام کا استحصال شروع کیا ہے کیونکہ سرکار کی طرف سے دروش کیلئے گندم کا جو سرکاری کوٹہ ہے محکمہ خوراک اس کوٹے کی گندم متعلقہ فلور ملز کو دیکر عوام کو ریلیف سے محروم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مالدار شخص کو مزید مالدار بنانے کے چکر میں عوام کا استحصال کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری قانونی کوٹہ کے مطابق عوام کو آٹا ملنا چاہیے، کئی ایک چھوٹے آٹا مشینوں کا کاروبار بھی اس سے منسلک ہے، اب ایک فلور ملز کے قیام کے ساتھ ایک طرف عوام کو سرکاری کوٹے سے محروم رکھا جارہا ہے اور دوسری طرف کئی سالوں سے محنت مزدوری کرنے والے چھوٹے مشین والوں سے روزگار چھینا جارہا ہے۔ قاری جمال عبدالناصر نے کہا کہ ہم فلور ملز کی مخالفت نہیں کرتے، ہمار اعتراض اور احتجاج عوام کے استحصال کے خلاف ہے، محکمہ خوراک نے فلور ملز لگایا ہے تو اس فلور ملز کے لئے الگ کوٹہ مختص کرکے الگ گندم فراہم کیا جائے، عوام کے لئے جو قانونی کوٹہ ہے اس سے کسی فلور ملز کو گندم نہیں ملنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی مرضی ہے کہ وہ اپنا روپیہ دیکر سرکاری گندم خریدیں اور جہاں چاہیں اس کی پسائی کریں، مگر زبردستی کرکے عوام کو صرف اور صرف فلور ملز سے آٹا لینے کا پابند بنانا علاقے میں فساد پیدا کرنے کی ایک سوچی سمجھی سازش ہے، گندم اور آٹا کے نام پر عوام دروش میں انتشار اور اشتعال پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ قاری جمال عبدالناصر نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا، صوبائی و زیر خوراک، ڈی سی چترال لوئر سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اس اندھیر نگری کا نوٹس لیں اور عوامی بے چینی کا خاتمہ کریں اور فلور ملز کے ساتھ عوام دشمن معاہدہ کا خاتمہ کریں بصورت دیگر عوامی بے چینی شدید احتجاج کی صورت اختیار کرے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس مسئلے کے حوالے سے عوام دروش ہر قسم قربانی کیلئے تیار ہیں اور کسی بھی احتجاج سے دریغ نہیں کرینگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں