204

وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کو ضرورت کے مطابق گندم فراہم کرنے کے لئے دوارب روپے کی اضافی گرانٹ دینے کا فیصلہ

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے گندم سبسڈی کی مد میں 2ارب کی اضافی گرانٹ فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے،ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کو ضرورت کے مطابق گندم فراہم کرنے کے لئے دوارب روپے کی اضافی گرانٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ نے گرانٹ کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد گلگت بلتستان کو مزید گندم کی سپلائی جلد شروع ہوجائے گی جس سے لوگوں کو گندم کے حصول میں جو مشکلات ہیں وہ کم ہوجائیں گی،دوسری جانب گرانٹ کا کریڈٹ لینے کے لئے حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان دوڑ بھی شروع ہوگئی ہے ،حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خالد خورشید کی کوششوں سے یہ اضافی رقم ملی ہے ،وزیراعلیٰ نے گزشتہ دنوں اسلام آباد میں اعلیٰ سطح پر رابطے کرکے باور کرایا تھا کہ گلگت بلتستان میں گندم کا بحران شدت اختیار کررہا ہے اور اگر صورتحال پر توجہ نہ دی گئی تو عوام سڑکوں پر آسکتے ہیں ،خالد خورشید نے چند دن قبل پریس کانفرنس میں بھی وفاقی حکومت کو متنبہ کیا تھا کہ گندم کے حصول میں مشکلات سے عوام میں بے چینی ہے اور اگر لوگ سڑکوں پر آئے تو انھیں کنٹرول کرنا مشکل ہوگا،حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کی کوششوں اور وفاقی حکومت پر دباﺅ ڈالنے سے یہ مسئلہ حل ہوا ہے ،دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ گورنر مہدی شاہ اور ن لیگ کے صوبائی صدر حافظ حفیظ الرحمن نے گندم سبسڈی کے لئے اضافی رقم منظور کرانے میں مرکزی کردار ادا کیا، ن لیگ اور پی پی کے رہنماﺅںکا کہنا ہے کہ گورنر مہدی شاہ نے گزشتہ روز وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے ہونے والی ملاقات میں انھیں گلگت بلتستان کے مسائل سے آگاہ کیا تھا اور درخواست کی تھی کہ لوگوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے گندم سبسڈی کا مسئلہ حل کیا جائے جبکہ ن لیگ کے صوبائی صدر حفیظ الرحمن کی قیادت میں پارٹی کے صوبائی عہدیدارو ں کی بھی وفاقی وزیراحسن اقبال سے ملاقات ہوئی،اس موقع پر پی ایس ڈی پی منصوبوں اور جماعتی امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی ،ذرائع کے مطابق حفیظ الرحمن نے وفاقی وزیر سے درخواست کی کہ وہ گلگت بلتستان کے عوام کو گندم کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں،ملاقات میں موجود ایک رہنما نے بتایا کہ وفاقی وزیراحسن اقبال نے حفیظ الرحمن سے پوچھا کے اس سلسلے میںوہ کیا کرسکتے ہیں جس پر حفیظ الرحمن نے کہا کہ اگر وزارت خزانہ سے رقم جاری ہوجائے تو مسئلہ حل ہوسکتا ہے ،ذرائع کے مطابق حفیظ الرحمن کی درخواست پر احسن اقبال نے وفاقی وزیرخزانہ اسحق ڈار سے فون پر رابطہ کیا اور اضافی گرانٹ کے اجراءکی سفارش کی جس پر وزیرخزانہ نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھیں گے،جس کے بعد وزارت خزانہ نے گندم سبسڈی کی مد میں 2ارب کی اضافی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں