259

زمان پارک لاہور سے گلگت بلتستان پولیس کو واپس نہ بلانے پر آئی جی گلگت بلتستان محمد سعید وزیر کا تبادلہ

اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی حکومت نے زمان پارک لاہور سے گلگت بلتستان پولیس کو واپس نہ بلانے پر آئی جی گلگت بلتستان محمد سعید وزیر کا تبادلہ کردیاہے اور پولیس گروپ کے گریڈ 20کے افسر دار علی خٹک کو نیا آئی جی گلگت بلتستان تعینات کردیا گیا ہے اس حوالے سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے دو الگ الگ نوٹیفکیشنز جاری کئے گئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) گلگت بلتستان محمد سعید وزیرکو تبدیل کرتے ہوئے ان کی جگہ گریڈ 20 کے پولیس افسر دار علی خان خٹک کو گلگت بلتستان کا آئی جی تعینات کردیا ہے۔جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ بحیثیت آئی جی گلگت بلتستان فرائض انجام دینے والے گریڈ 21 کے پولیس افسر محمد سعید کا تبادلہ کردیا گیا ہے۔مزید کہا گیا ہے کہ انہیں فوری طور پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جس کا اطلاق فوری ہوگا۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے جاری دوسرے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت میں خدمات انجام دینے والے گریڈ 20 کے پولیس افسر دار علی خان خٹک کا تبادلہ کیا گیا اور انہیں سول سرونٹ ایکٹ 1973 کے تحت گلگت بلتستان کا آ ئی جی تعینات کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق سعید وزیر کو زمان پارک سے جی بی پولیس واپس نہ بلانے کا پر عہدے سے ہٹایا گیا ہے ،نئے آئی جی گلگت بلتستان دار علی خان خٹک کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ زمان پارک سے فوری طور پر جی بی پولیس کے اہلکاروں کو واپس بلائیں۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نئے آئی جی عہدے کا چارج سنبھالتے ہی وفاق کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے زمان پارک بھیجے گئے اہلکاروں کو واپس آنے کا حکم جاری کریں گے،دوسری جانب بدھ کو گلگت بلتستان سے مزید دوبسیں تحریک انصاف کے کارکنوں کو لے کر زمان پارک لاہور پہنچ گئیں،کارکن تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سیکورٹی کے لئے زمان پارک پہنچے ہیں جنھیں مختلف شفٹوں میں سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں