322

گلگت کے ریٹ پر چترال کو گندم فراہم کرنے کے مطالبے کے حق میں چترال میں عوامی تحریک کی طرف سے دھرنے کا آغاز

چترال ( محکم الدین ) گلگت کے ریٹ پر چترال کو گندم فراہم کرنے کے مطالبے کے حق میں گذشتہ روز احتجاجی ریلی اور جلسے کے بعد اعلان کے مطابق ہفتے کے روز اتالیق پل چترال میں عوامی تحریک کی طرف سے دھرنے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ جس میں لوگ جوق در جوق شامل ہو رہے ہیں ۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے سابق ضلع ناظم حاجی مغفرت شاہ نے کہا ۔ کہ چترا ل ایک دور افتادہ علاقہ ہے ۔ لیکن افسوس کا مقام ہے کہ گلگت میں حکومت دو ہزار روپے پر گندم کی بوری فراہم کررہا ہے ۔ جبکہ چترال میں بارہ ہزار روپے پر بھی لوگ گندم خریدنے سے قاصر ہیں ۔ جو کہ حکومت کے دوہرے معیار کو واضح کرتا ہے ۔ انہوں نے حکومت سے فوری طور پر چترال کے فلور ملوں کو بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبر دار کیا ۔ کہ اگر لوگوں کا استحصال کرنے والے ان ملوں کو بند نہ کیا گیا ۔تو اس کا یہ مطلب لیا جائے گا ۔ کہ عوام کو خود انہیں بند کرنے کا موقع دیا گیاہے ۔ اس وقت یہ مل نہ صرف بند ہوں گے ۔ بلکہ عوامی غیض و غضب سے ان ملوں کا نام و نشان بھی مٹ جائے گا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ یہ کسی ایک جماعت کا احتجاج اور دھرنا نہیں ہے ۔ بلکہ چترال کے ہر فرد کا دھرنا ہے ۔اور بتدریج دھرنے میں لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا ۔ اور ہر روزدھرنا صبح گیارہ بجے سےنماز عصر تک جاری رہے گا ۔اور حکومت کی طرف سے مطالبے کی منظوری تک یہ احتجاجی دھرنا ختم نہیں کیا جائے گا ۔ مغفرت شاہ نے کہا ۔ کہ موجودہ وقت میں یہ تحریک جہاد سے کم نہیں۔ کیونکہ لوگ روٹی کو ترس رہے ہیں ۔ حکومت کی نظر میں غریب عوام کی مشکلات کی کوئی اہمیت نہیں ہے ۔ قبل ازیں قیم جماعت اسلامی وجیہ الدین ، مولانا قاسم ، ریٹائرڈ صوبیدار میجر قلندرشاہ ،سابق صدر آل ٹیچرز ایسوسی ایشن چترال ظفراحمد ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ چترال کے مرحوم ایم این اے شہزادہ محی الدین نے چترال میں فلور مل کی تعمیر اسلئے روک دیا تھا ۔ کہ اس کی آڑ میں محکمہ فوڈ اور مل مالکان مل کر چترال کے لوگوں کا استحصال کریں گے ۔ جو کہ آج سو فیصد سچ ثابت ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ محکمہ فوڈ ،صوبائی حکومت اور مل مالکان کی سازش سے چترال کے عوام کے علم میں لائے بغیر مل لگائے گئے ۔ جس کے بعد چترال کے لوگوں کا استحصال شروع ہوا ہے ۔ اور لوگوں کو آٹے کی پیچھے ذلیل کیا جارہا ہے ۔ اب یہ استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں