241

قزاقستان کے سفیر نے گلگت بلتستان میں تجارتی زون کے قیام کے لئے معاونت کرنے کا اعلان

گلگت(نامہ نگار)پاکستان میں قزاقستان کے سفیر یرزہان قسطافین نے سفارتخانے کے فرسٹ سیکرٹریز کے ہمراہ گلگت بلتستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دفتر کا دورہ کیا۔ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری گلگت بلتستان کے صدر عمران علی نے اپنی کابینہ کے ہمراہ سفیر کا استقبال کیا۔ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے قزاقستان کے سفیر نے گلگت بلتستان میں تجارتی زون کے قیام کے لئے معاونت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے لاہور سے قزاقستان کے دارالحکومت الماتے کےلئے فلائٹس شروع کروائی جائیں گی انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں انڈسٹریل زون کے قیام میں مدد کی جائے گی جبکہ کوارڈیلیٹرل ٹریڈ اینڈ ٹریفک ایگرمینٹ (کیو ٹی ٹی اے) کے تحت پاکستان کی تاریخ کی پہلی ٹرانزٹ شپ منٹ چائنہ کے ذریعے قزاقستان کیلئے روانہ کر دی گئی۔ اس ٹرانزٹ ٹریڈ کے ذریعے پاکستان اور گلگت بلتستان کے تجارت سے وابستہ افراد مستفید ہونگے اور پاکستان کیلئے تجارت کی نئی راہیں کھلیں گی۔ اس موقع پر گلگت بلتستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عمران علی نے قزاقستان کے سفیر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے گلگت بلتستان چیمبر آف کامرس قزاقستان کے ساتھ مکمل تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے کردار ادا کرے گی۔ عمران علی نے کہا کہ قزاقستان کے دارالحکومت الماتے کے لئے لاہور سے سکردو کنٹیکٹنگ فلائٹ شروع کی جائے۔ تاکہ تاجروں کو آسانی ہو سکے اور دو طرفہ تجارت کو فروغ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریہ قازقستان گلگت بلتستان چیمبر آف کامرس کے ایگزیکٹو بورڈ کی ضمانت پر تاجروں کے لیے ای بزنس ویزا کی منظوری دے پاکستان کی مصنوعات خاص طور پر گلگت بلتستان کی مصنوعات کے لیے مارکیٹ تک رسائی کے انتظامات کرے اور گلگت بلتستان سے برآمدی سامان کے لیے کسٹم ڈیوٹی (ٹیرف) میں خصوصی چھوٹ دے اور قازقستان کے سرمایہ کار کان کنی اور معدنیات میں سنہری مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ سرمایہ کاروں کے سرمائے کے تحفظ/سیکیورٹی کے لیے گلگت بلتستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور الماتی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان ایم او یو پر دستخط کیے جائیں گے۔ دونوں چیمبرز کے تجارتی اداروں/کاروباری برادری کے وفود کا تبادلہ ہوسکے۔ قازقستان کے وفد نے تجاویز پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری گلگت بلتستان کی طرف سے قازقستان کے وفد کو روایتی ٹوپی اور چوغے کا تحفہ پیش کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں