457

ریشن بجلی گھر سے بجلی سے مستفید ہونے والے دیہات میں نیشنل گرڈ سے بجلی کی فراہمی کا کام آئندہ ڈیڑ ھ ماہ کے اندر شروع ہوگا

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) چترال شہر اور مضافاتی علاقوں میں بجلی کی کم وولٹیج کا مسئلہ اگلے چند ہفتوں تک جبکہ کوہ یونین کونسل سمیت اپر چترال کے علاقوں میں سیلاب زدہ ریشن بجلی گھر سے بجلی سے مستفید ہونے والے دیہات میں نیشنل گرڈ سے بجلی کی فراہمی کا کام آئندہ ڈیڑ ھ ماہ کے اندر شروع ہوگا۔چیرمین واپڈا ظفر محمود کی ہدایت پر چترال کا دورہ کرنے والے پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے چیف انجینئر کے ساتھ تفصیلی میٹنگ کے بعد ڈپٹی کمشنر چترال اسامہ احمد وڑائچ نے میڈیا کو بتایاکہ چترال شہر کے بجلی کی وولٹیج میں اضافہ اور اپر چترال کو نیشنل گرڈ سے بجلی کی سپلائی ٹکنیکی طور پر ممکن ہے جس کے لئے چیف ایگزیکٹیو افیسر پیسکو اس کی منظوری دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ضلع ناظم مغفرت شاہ کی موجودگی میں پیسکو کے چیف انجینئر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جوٹی لشٹ گرڈ اسٹیشن میں بعض ضروری پرزہ جات کی خریداری اور فراہمی کے بعد کوہ یونین کونسل اور مستوج سب ڈویژن کے یونین کونسلوں کو منسلک کرنے کا کام شروع ہوگا جس میں ایک سے ڈیڑھ ماہ کا عرصہ لگ جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ دنوں گولین گول ہائیڈرو پاؤر پراجیکٹ کے دورے کے موقع پر چیرمین واپڈا ظفر محمود کو ریشن ہائیڈرو اسٹیشن کی بحالی تک نیشنل گرڈ سے کوہ اور مستوج تحصیل کے علاقوں کو بجلی کی فراہمی کی درخواست کرنے پر انہوں نے چیف انجینئر کو چترال بھیج کراس کی تکنیکی طور پر ممکن ہونے کا جائزہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں