215

ماہ رمضان کے دوران سستے بازاروں کو تحصیل کی سطح پربھی قائم کیاجائے ۔وزیر خوراک

خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک حاجی قلندرخان لودھی نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ امسال گندم خریداری کے لئے مقررہ اہداف کے حصول کوبروقت یقینی بنانے کے ساتھ ماہ رمضان کے مبارک مہینہ کے دوران صوبہ کے ان اضلاع میں جہاں پر سستے بازار قائم ہیں اشیائے خوراک کے دام اور معیار کی روزانہ کی بنیاد پر جانچ پڑتال کریں اورسستے بازاروں کاتحصیل کی سطح پر بھی قیام یقینی بنائیں تاہم انہوں نے متنبہ کیا کہ گراں فروشی اور ملاوٹ کے مرتکب افراد کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں گی۔ انہوں نے یہ ہدایات آج اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاورمیں محکمہ خوراک کی کوآرڈی نیشن کمیٹی کے ایک اجلاس کی صدارت کے دوران جاری کیں۔اجلاس میں سیکرٹری خوراک عصمت اللہ خان گنڈاپور،ممبر عطا ء اللہ خان لودھی ،چیئرمین فلورملز ایسوسی ایشن ملک افتخار خان ،ڈائریکٹر جنرل محکمہ زراعت ،ڈپٹی کمشنر زانکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ اورمحکمہ خوراک کے ڈویژنل افسران کے علاوہ خزانہ ،قانون ودیگرمتعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں رواں سال گندم کی خریداری کے طریقہ کار کاجائزہ لیاگیا اور معیاری گندم کی خریداری سمیت انکم ٹیکس ادائیگی کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے ضمن میں بعض اہم تجاویز پیش کیں اورفیصلے بھی کیے گئے ۔اجلاس کوسیکرٹری خوراک نے گندم خریداری کے اہداف اوروود ہولڈنگ انکم ٹیکس کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ قانون کی عملداری کو ملک کے تمام صوبوں میں برابری کی سطح پر لاگو ہونا چاہیئے اور گندم خریداری میں انکم ٹیکس ادائیگی کے طریقہ کار کی بھی تفصیلی وضاحت پیش کی ۔صوبائی وزیر نے اجلاس سے خطاب کے دوران بتایا کہ خیبرپختونخوا میں گندم خریداری میں وود ہولڈنگ انکم ٹیکس کو صوبائی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں جائزے کے لئے پیش کیا گیاتھا۔ جنہوں نے اس کو ختم کردیاہے تاہم گندم کی خریداری کے دوران انکم ٹیکس کی مد میں ادائیگی کو مزید آسان بنایا جارہا ہے تاکہ محکموں کے درمیان کسی قسم کی غلط فہمی پیدا نہ ہو اوررواں سال گندم خریداری کے اہداف مقررہ وقت کے دوران حاصل کرلئے جائیں ۔صوبائی وزیر نے اس سلسلے میں متعلقہ محکموں کی جانب سے فراہم کردہ تعاون پر ان کاشکریہ اداکیااورگندم خریداری کے اس عمل کو بلارکاوٹ جاری رکھنے اور محکمہ انکم ٹیکس کے ساتھ سرکاری دستاویزات کا تبادلہ یقینی بنانے کے علاوہ ان معاملات کو بلاتاخیر اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کی بھی خصوصی ہدایت کی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں