226

چترال کے نوجوانوں کیلئے اعلی تعلیم تک رسائی ایک خواب تھا ۔ جو کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے حقیقت کر دیکھایا،آفتاب ایم طاہر

چترال ( نمایندہ ڈیلی چترال نیوز) پاکستان تحریک انصاف چترال کے کو آرڈنیٹر آفتاب ایم طاہر ، محمد قاسم و حیدر نبی ممبران کوآرڈنیشن کمیٹی ،سابق صدر و ممبر ڈسٹرکٹ کونسل چترال عبداللطیف ، وغیرہ نے چترال میں یونیورسٹی کے قیام کے لئے فنڈ کی فراہمی پر قائد پی ٹی آئی عمران خان اور چیف منسٹر خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا شکریہ اداکیا ہے ۔ اور اس اقدام کو چترال کی ترقی کیلئے ایک سنگ میل قرار دیا ہے ۔ چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ، کہ چترال کے نوجوانوں کیلئے اعلی تعلیم تک رسائی ایک خواب تھا ۔ جو کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے حقیقت کر دیکھایا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ موجودہ صوبائی حکومت کے قیام سے ہی چترالی عوام خصوصا نوجوانوں کی طرف سے چترال میں ایک مکمل یونیورسٹی کا بار بار مطالبہ کیا جارہاتھا ۔ جس کے نتیجے میں گذشتہ سال قائد تحریک انصاف عمران خان نے بونی میں یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیا تھا ۔ تاہم موجودہ اے ڈی پی میں اس کیلئے فنڈ مختص کرکے قائد پی ٹی آئی اور وزیر اعلی پرویز خٹک نے اپنا وعدہ پورا کیا ہے ۔ جس کیلئے پوری چترالی قوم اُن کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ گذشتہ کئی حکومتیں چترال میں فُل فلیج یونیورسٹی کے قیام کے سلسلے میں عوام چترال کو لولی پاپ دیتے رہے ۔ لیکن یونیورسٹی کی بجائے نوجوانوں کو کیمپس سے ٹرخایا گیا ۔ انہوں نے کہا ، کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ایک تعلیمی انقلاب برپا کیا ہے ۔ اور چترال یونیورسٹی کا قیام اُس کی ایک زندہ مثال ہے ۔ انہوں نے کہا ، کہ یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے جس نے بھی wwجو خدمات سرانجام دیں ہم اُن کی خدمات کے معترف ہیں ۔ خصوصا اس سلسلے میں ایم پی اے چترال فوزیہ بی بی کی کوششیں باعث تحسین و آفرین ہیں ۔ جنہوں نے بار بار اسے وزیر اعلی خیبر پختونخوا اور قائد تحریک انصاف کے سامنے مثبت طریقے سے پیش کیا ۔ جس کے نتیجے میں یونیورسٹی کا قیام حقیقی معنوں میں ممکن ہوا ۔ آفتاب احمد نے کہا ، کہ چترال میں صرف سال 2015کے دوران مجموعی طور پر 34885طلباء و طالبات اعلی تعلیم کے حصول کیلئے سرگرم عمل رہے ۔ جبکہ 140کالجز فروغ تعلیم میں مصروف ہیں ۔ اس اعداد و شمار سے یہ واضح ہے ۔ کہ چترال کے لوگ تعلیم میں کتنی دلچسپی لیتے ہیں ۔ اور مکمل یونیورسٹی کا قیام چترالی عوام کی خواہشات کے مطابق تحریک انصاف کی قیادت کا اہم فیصلہ ہے ۔ جس سے چترال میں علم کی شمعیں کہکشاں کی صورت اختیار کریں گی ۔ عبداللطیف نے کہا ۔ کہ بعض لوگ انگلی کٹا کے شہدوں میں نام لکھنے اورتیار چیز وں پر اپنا سیاسی لیبل لگانے کے عادی ہیں ۔ لیکن چترال کے عوام ایسے رہنماوں کو بہتر طور پر جانتے ہیں ۔ جو دوسروں کے کریڈٹ پر ہمیشہ ڈاکہ ڈالتے ہیں ۔ ہمیں یونیورسٹی کی ضرورت تھی ۔ جسے ہمیں قائد تحریک انصاف عمران خان اور وزیر اعلی پرویز خٹک نے دے دیا ہے ۔ ہم اُن کے مشکور ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں