391

محکمہ خزانہ محکموں کو فنڈز ریلیز کا عمل زیادہ سہل اور شفاف بنائے۔مظفر سید ایڈوکیٹ

پشاور(نمائندہ ڈیلی چترال)خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے محکمہ خزانہ کے حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ بجٹ تخصیص کے بعد اداروں کو فنڈز ریلیز کا عمل زیادہ سہل اور شفاف بنائیں وہ بجٹ منظوری کے تناظر میں اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں مختلف شعبوں کے سیکشن افسروں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے وزیر خزانہ نے افسران کو بجٹ ریلیز اور اکاؤنٹس و آڈٹ سے متعلق صوبائی حکومت کے رہنما اصولوں سے اگاہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ فنڈز کے اجراء کا عمل اتنا زیادہ فعال اور منصفانہ ہونا چاہئے کہ نہ تو انکے غلط استعمال اور کرپشن کا امکان پیدا ہو اور نہ ہی فنڈز ریلیز کے بارے میں کوئی شکایت آئے انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ اپنے محکمے کی کارکردگی سے کافی مطمئن ہیں تاہم بہتری کا سفر جاری رہنا چاہئے مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا کہ ضلعی اکاؤنٹس دفاتر تنخواہوں، پنشن اور ترقیاتی فنڈز کا اجراء اتنا خودکار بنائیں کہ اس میں اہلکاروں کی پسند و ناپسند کا عمل دخل بالکل ختم ہو نیز خبردار کیاکہ آئندہ ضلعی اکاؤنٹس و آڈٹ دفاتر سے متعلق کسی بھی شکایت کا سخت ترین نوٹس لیا جائے گا اس ضمن میں وہ خود اور اکاؤنٹنٹ جنرل مختلف اضلاع کے مشترکہ دورے بھی کرینگے تاکہ اس ضمن میں صوبائی یا وفاقی مالیاتی اداروں کے فرق اور امتیازات کا بھی عملی طور پر خاتمہ ہو اور عوام کو اس حوالے سے واضح ریلیف ملے انہوں نے کہا کہ وہ اچانک دوروں کا یہ سلسلہ عیدالفطر کے بعد شروع کر رہے ہیں اور کسی بھی ایک ضلع کے اکاؤنٹس دفاتر کے اچانک معائنے کے بعد وہاں ڈی سی یا کمشنر آفس میں کھلی کچہری سے بھی خطاب کرینگے تاکہ ہمیں اپنے محکموں کی کارکردگی سے متعلق عوامی رائے سے بھی اگاہی ملتی رہے اور کسی بھی مسئلے کا موقع پر ہی تدارک کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں