255

ارسون میں سیلاب؛ پندرہ افراد کے جان بحق ہونے کی تصدیق؛ بڑے پیمانے پر گھروں کو نقصان پہنچا ہے

دروش(نامہ نگار) ہفتے کی رات نماز تراویح کے وقت سیلاب آنے سے کم از کم دس افراد لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کی رات نماز تراویح کے وقت ارسون کے گاؤں پائیتاسون گول میں سیلاب نے مقامی مسجد سمیت بڑی تعداد میں گھروں کو بہا لے گیا۔ویلج کونسل ارسون کے ناظم مولانا سمیع اللہ نے چترال پوسٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کم ازکم پندرہ افراد کے جان بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انکا اپنا گھر بھی سیلاب برد ہو گیا ہے جسکی وجہ سے انکے خاندان کے پانچ افراد جن میں ماں ، تین کم عمر بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں جان بحق ہو گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب کی وجہ سے پائیتاسون گول میں صرف انکے گاؤں میں کم از کم دس گھر تباہ ہو گئے ہیں جبکہ دیگر گاؤں مین بھی گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ ویلج ناظم اور دروش پولیس نے دیگر دس افراد کے جان بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جانی اور مالی نقصان میں اضافے کے قوی امکانات ہیں۔ جان بحق ہونے والے دیگر افراد میں حلیم اللہ ولد گل زرین، نعیم اللہ ولد گل زرین، محب اللہ ولد گل زرین، عبدالرزاق استاد ولد خان محمد، عبدالطیف ولد عبدالرزاق، شفیق ولد سید محمد، زار ولد عبدالعزیز، نور محمد ولد نور اسلام ، عبدالسلام ولد گل محمداور زوار شامل ہیں۔ علاقے میں امدادی سرگرمیوں میں شدید دشواریاں پیش آرہی ہیں اور پولیس و دیگر امدای کارکنا ن متاثرہ مقام تک نہیں پہنچ پائے ہیں کیونکہ سیلاب کی وجہ سے راستہ بند ہے۔خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جانی و مالی نقصان میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ جبکہ ارسون گول میں سیلاب کے بڑے ریلے نے نگر کے مقام پر دریائے چترال کے بہاؤ کو روک دیا ہے اور خبروں کے مطابق دریا کی سطح بلند ہو رہی ہے اور اسوقت کئی گھرانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

واضح رہے کہ دروش اور اسکے گرد ونواح میں ہفتے کی شام نماز عشاء کے وقت شدید گرج چمک کے ساتھ تیز بارشیں ہوئیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں