442

وزیراعلیٰ نے بے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشاور کے نئے اکیڈمک بلاک کو مرحلہ وار تعمیر کرنے اور آڈیٹوریم کی تعمیر کیلئے ماسٹر پلان کے مطابق مگر قابل توسیع ڈیزائن تیار کرنے کی ہدایت کی۔

پشاور(نامہ نگار)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے بے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشاور کے نئے اکیڈمک بلاک کو مرحلہ وار تعمیر کرنے اور آڈیٹوریم کی تعمیر کیلئے ماسٹر پلان کے مطابق مگر قابل توسیع ڈیزائن تیار کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے باچا خان یونیورسٹی چارسدہ کی باونڈری وال اور انٹری گیٹ کی تعمیرکیلئے بھی کیس تیار کرکے بھیجنے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ نے صوبے کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں طلباء و طالبات کو معیاری تعلیم و تحقیق اور علم دوست ماحول کی فراہمی پر بھر پور توجہ دینے کی ہدایت کی ہے انہوں نے کہاکہ جامعات کی ترقی کی راہ میں کسی رکاوٹ کو حائل نہ ہونے دیا جائے تاکہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کی تیاری ممکن ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں وائس چانسلر بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشاور پروفیسر ڈاکٹر رضیہ سلطانہ اور وائس چانسلر با چا خان یونیورسٹی چارسدہ ڈاکٹر فضل رحیم مروت سے گفتگو کے دوران کیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ، چیف پراجیکٹ آفیسر ہائیر ایجوکیشن اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے وزیراعلیٰ نے مذکورہ جامعات کی پراگرس اور درپیش مسائل سے متعلق تفصیلات طلب کیں انہوں نے ہدایت کی کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم و تحقیق کے مناسب ماحول کو یقینی بنانے کیلئے دستیاب وسائل کو شفاف طریقے سے بروئے کار لایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے یونیورسٹیوں کے اعلیٰ حکام کو تجویز دی کہ وہ کمرشل پراپرٹی کو استعمال میں لائیں جس سے آمدنی کا ایک مستقل راستہ نکل آئے گا۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت تمام محکموں کو اس سلسلے میں پہلے سے ہی ہدایا ت جاری کر چکی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اصل مقصد سرکاری اثاثوں کو صوبے کے وسیع تر مفاد میں استعمال کرنا ہے اور اس اقدام سے متعلقہ محکموں اور اداروں کو درپیش مالی مسائل سے نمٹنے میں بھی خاطر خواہ مدد ملے گی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں