181

چکدرہ تا چترال کلہ کٹک 170کلومیٹرقومی شاہراہوں کے چار اہم منصوبوں کی منظوری مل گئی ہے۔چاروں روڈ سکیموں پر لاگت کا تخمینہ 47ارب جبکہ سوات موٹر وے کا 34ارب روپے ہے

پشاور(نمائندہ ڈیلی چترال)خیبر پختونخوا کے وزیرخزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ قومی اقتصادی کونسل (ایکنک) کے اجلاس میں ہمارے تجویز کردہ دیگر منصوبوں کے علاوہ چکدرہ تا چترال 132کلومیٹرقومی شاہراہ کی تعمیر و مرمت کے تین اہم منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے جن پر مجموعی لاگت کا تخمینہ 17ارب 42کروڑ30لاکھ روپے ہے ان میں چکدرہ پل تا تیمرگرہ 40کلومیٹر روڈ، خاگرام تا دیربالا 44کلومیٹر اور دیر خاص تا کلہ کٹک (چترال) 48کلومیٹر روڈ سکیمیں شامل ہیں اسی طرح لواری ٹنل کے اطراف میں 40کلومیٹر رابطہ سڑکوں کی تعمیر کیلئے نظرثانی تخمینہ میں چھ ارب روپے کا اضافہ بھی کر دیا گیا ہے جو سابقہ تخمینہ لاگت 20ارب 98کروڑ 50لاکھ روپے سے بڑھ کر 26ارب 85کروڑ 50لاکھ روپے کر دیا گیا جس پر وہ وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے ذاتی مشکور ہیں اور اسکی بدولت شاہراہوں کا معیار بھی بین الاقوامی سطح پر آجائے گا اس کا انکشاف انہوں نے اسلام آباد میں ایکنک اجلاس میں شرکت اور صوبے کی نمائندگی کے بعد جڑواں شہروں میں مقیم باشندگان دیر و ملاکنڈ کے ایک وفد سے بات چیت کے دوران کیا جس نے حاجی فضل خبیر کی زیرقیادت ان سے پختونخوا ہاؤس میں ملاقات کی اور اپنے بعض مسائل و مشکلات سے انہیں اگاہ کرنے کے علاوہ صوبائی حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا اور کرپشن کے خاتمے اور تعمیر و ترقی کے حوالے سے حکومتی اقدامات کی بیحد تعریف کی مظفر سید ایڈوکیٹ نے وفد کے معروضات کے مناسب ازالے کا یقین دلایا اور واضح کیا کہ انکی منتخب حکومت صوبے کے حقوق اور ترقیاتی معیار پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کرے گی انہوں نے کہا کہ ایکنک کے مذکورہ 47ارب روپے کے چار روڈ سکیموں کے جلد از جلد اجراء کے علاوہ 34ارب روپے کی لاگت سے 81کلومیٹر لمبے سوات موٹروے کا سنگ بنیاد 25اگست کو رکھا جا رہا ہے جسکی تکمیل سے پورے ملاکنڈ ڈویژن میں سیاحت و معیشت کے شعبوں میں انقلاب بپا ہو گا چکدرہ تا تیمرگرہ و دیر خاص شاہراہ کو ڈویل کیرج وے (دو رویہ) بنانے کا بھی سنجیدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ دیرپائیں و بالا اور چترال کے تینوں اضلاع میں شاہراہیں اور انفراسٹرکچر جدید بنے نیز تاجکستان اور دیگر ملحقہ وسطی ایشیائی ریاستوں سے تجارتی روابط بڑھانے کی منصوبہ بندی بھی آسان بنے صوبائی ورکنگ پارٹی (پی ایس ڈی پی) میں دیر و چترال میں سینکڑوں کلومیٹر صوبائی شاہراہوں کی بہتری کی سکیمیں بھی شامل کی گئی ہیں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پرویزخٹک سوات موٹروے کی شکل میں ایک بڑی شاہراہ ہی نہیں بلکہ ایک عظیم الشان ترقیاتی پیکیج کا افتتاح کر رہے ہیں جو ملاکنڈ کے عوام کیلئے عظیم تحفہ ہے کیونکہ شاہراہ کے اطراف میں صنعتی و تجارتی زون بھی قائم ہونگے جنکی بدولت روزگار کے مواقع بڑھنے کے علاوہ سیاحت کو بھی زبردست ترقی ملے گی انہوں نے کہا کہ یہ میگا منصوبہ صوبائی حکومت اپنے دستیاب وسائل سے شروع کر رہا ہے تاہم صوبے میں مواصلات سمیت مختلف شعبوں میں ترقیاتی عمل تیز کرنے کیلئے وفاقی حکومت سے بھی روابط بڑھانے کی مخلصانہ کوشش کی جا رہی ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ مرکز شاہراہوں اور صنعت و سیاحت کے شعبوں میں صوبائی حکومت سے بھرپور تعاون کرے گا جو صوبے کا بنیادی حق ہونے کے علاوہ قومی یکجہتی کے فروغ میں تقویت کا باعث بھی بنے گا مظفر سید ایڈوکیٹ نے یقین دلایا کہ چکدرہ، تالاش اور تیمرگرہ سمیت ضلع دیر کے تمام بازاروں اور قصبوں کی خوبصورتی بڑھانے پر کام تیزی سے جاری ہے اسی طرح چھوٹی سڑکوں اور گلی کوچوں کی تعمیر و مرمت اور آبنوشی و آبپاشی کی سہولیات کا عمل بھی مربوط انداز میں آگے بڑھایا جا رہا ہے تاکہ لوگ ان سے بروقت اور حقیقی معنوں میں مستفید ہو سکیں۔

Print Friendly, PDF & Email

اپنا تبصرہ بھیجیں