308

بچوں کو نزلہ اور زکام سے بچے کے 7 آسان ترین طریقے

اسٹیم (بھاپ) کا استعمال

اگر آپ کا بچہ سردی کا شکار ہوگیا ہے اور اُسے سانس لینے میں مشکلات پیش آرہی ہیں تو پھر فوری طور پر اسٹیم یعنی بھاپ کا استعمال کیا جائے۔ اِس کے مختلف طریقے ہوسکتے ہیں، لیکن سب سے اچھا طریقہ یہی ہے کہ بڑے سے برتن میں گرم پانی ڈالا جائے اور بچے کو پانی سے نکلنے والی بھاپ کے سامنے بٹھاکر 10 سے 15 منٹ تک استعمال کیا جائے۔

شہد کا استعمال

شہد کے فوائد سے بھلا کون ناواقف ہوگا؟ لیکن شہد کا ایک اہم فائدہ یہ بھی ہے کہ بچوں کو دن میں دو سے تین مرتبہ شہد چٹادی جائے تو انہیں سکون ملتا ہے۔ اگر بچہ پانچ سال سے بڑا ہے تو پھر شہد میں دار چینی کا پائوڈر ملاکر پلائیں۔

اجوائن اور تلسی

اجوائن کے جہاں بے شمار فوائد ہیں، وہیں اِس کا ایک فائدہ یہ ہے کہ گرم پانی کے ساتھ اجوائن اور تلسی کے پتے کا استعمال کرنے سے نہ صرف کھانسی میں بہت کمی واقع ہوتی ہے بلکہ سینے میں کھرکھراہٹ بھی ختم ہوجاتی ہے۔

مساج / مالش

اگر دو سال سے کم عمر کا بچہ تبدیل ہوتے موسم کی شدت کا شکار ہوا ہے تو اُس کے لیے مساج یا مالش ایک بہترین علاج ہے۔ سرسوں کے تیل میں لہسن شامل کرکے تیل بچوں کے سینے پر لگایا جاسکتا ہے۔ اگر بچوں کی ہتھیلی اور پیروں پر بھی تیل لگایا جائے تو یقیناً فائدہ ہوگا۔

پانی کی کمی سے بچائیے

آپ کا بچہ جب بھی کھانسی، سردی، نزلہ اور زکام کی زد میں آئے تو کوشش کریں کہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے دیں۔ ہر کچھ دیر بعد پانی پلائیں، ایسا کرنے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ وائرل پیچیدہ ہونے کے بجائے حل ہونے کی طرف چلا جاتا ہے۔ پانی کے ساتھ ساتھ بچوں کو فریش جوسز، گرم سوپ کا استعمال بھی کرانا چاہیے تاکہ جسم میں ہونے والی کمزوری کا ازالہ ممکن ہوسکے۔

نمک والے پانی کے غرارے

ایک گلاس پانی میں ایک کھانے کے چمچ جتنا نمک ڈال کر غرارے کرنے سے بہت سکون و راحت محسوس ہوگا۔ اگر بچے کو ایسا کرنا پسند ہے تو دن میں یہ کام دو مرتبہ بھی ہوسکتا ہے۔

ہلدی والا دودھ

کوئی موچ آجائے، کوئی چوٹ لگ جائے یا کوئی حادثہ ہوجائے، اس صورت میں ہلدی والا دودھ بہت فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ بالکل اِسی طرح سردی اور نزلہ و زکام میں بھی ہلدی والا دودھ بہت فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ بس کرنا آپ نے یہ ہے کہ ایک گلاس میں گرم دودھ ڈالیں اور اُس میں ایک چمچ ہلدی کا دودھ ملادیں اور بچوں کو روز رات میں پلادیں، ایسا کرنے کی صورت میں بچوں کو فوری راحت و آرام ملے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں