261

 چکدرہ تاچترال اور چکدرہ تا کالام تمام شاہراہوں کو بھی بین الاقوامی معیار کے مطابق کشادہ کرنے کا جامع پروگرام بنایا گیا ہے،مظفرسید

پشاور(نامہ نگار)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے اقدامات کی بدولت دیر پائیں سمیت پورے ملاکنڈ ڈویژن میں اگلے چند سالوں میں مواصلات کے شعبے میں انقلاب بھرپا ہو گا چکدرہ تاچترال اور چکدرہ تا کالام تمام شاہراہوں کو بھی بین الاقوامی معیار کے مطابق کشادہ کرنے کا جامع پروگرام بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ لواری ٹنل کی طرز پر تالاش سے تیمرگرہ ایک نئی سرنگ کا سروے بھی مکمل کیا گیا ہے جس کی بدولت وہاں تک سفر میں مزید ایک گھنٹہ جبکہ چترال تک سفر میں مجموعی چار پانچ گھنٹے کمی آئے گی ۔ دیر پائیں کے علاقوں تالاش اور رباط میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ ہمارا بنیادی فوکس صحت اور تعلیم سمیت سماجی شعبوں کی بہتری ہے جس میں ہم نے ایمرجنسی نافذ کی ہے ۔ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا کہ ہم اچھی طرز حکمرانی کے لئے شروع دن سے کوشاں ہیں تاکہ اسلامی فلاحی ریاست کا نصب العین جلد از جلد پایہ تکمیل کو پہنچ سکے ۔ انہو ں نے کہا کہ ہماری مخلصانہ کوششوں کی بدولت مرکز سے بھی ہمارے تعلقات مضبوط اور بہتر ہوئے ہیں جسکے سبب صوبے میں ترقیاتی عمل زیادہ تیز ہو گا اور عوام بالخصوص غریب لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف ملے گا ۔ وزیر خزانہ نے سپاسنامہ میں پیش کردہ مسائل کے بروقت ازالے اور ترقیاتی سکیموں کی جلد اور معیاری تکمیل کا یقین دلایا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں