225

سکول، سرکاری گودام،ہیلتھ سروس یونٹ اور دوسرے سروسز فراہم کرنے والی دوسری اداروں کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھنے اور خرا ب صورت حال کو فوری طورپر ضلع حکومت کی نوٹس میں لانا چاہئے۔ضلعی ناظم مغفرت شاہ

چترال(نمائندہ چترال ) ضلع ناظم چترال نے کہا ہے کہ منتخب بلدیاتی نمائندے عوام اور حکومت دونوں کے آنکھ اور کان ہیں اور اس لحاظ سے اہم ذمہ داری کا بیڑا اٹھائے ہوئے ہیں جس میں ان کو وسائل سے ذیادہ جذبہ خدمت، لگن اور عوامی فلاح کے حصول کے لئے ہر دم اور تیار اور مستعد رہنے کی ضرورت ہے جس کے لئے انہیں روزانہ کے حساب سے وقت نکال کر اپنے علاقے میں سکول، سرکاری گودام،ہیلتھ سروس یونٹ اور دوسرے سروسز فراہم کرنے والی دوسری اداروں کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھنے اور خرا ب صورت حال کو فوری طورپر ضلع حکومت کی نوٹس میں لانا چاہئے۔ جماعت اسلامی ضلع چترال کے زیر اہتمام منعقدہ بلدیاتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اگرچہ انتخابات سے پہلے حکومت کا بلدیاتی اداروں کے اختیارات کے بارے میں کئے گئے وعدے کوئی پورا نہیں ہوئے اور اختیارات کو نچلی سطح منتقل کرنے کاکام نہ ہونے کی وجہ سے اب معمولی نوعیت کے کاموں منظوری کے لئے ڈویژن اور صوبے کی طرف رجوع کرنا پڑرہا ہے جبکہ بلدیاتی نمائندوں کے پاس بنیادی ترقیاتی کاموں کو سرانجام دینے کے لئے بھی فنڈز نہیں ہیں۔ ضلع ناظم نے کہاکہ انہوں نے عمران خان کے گزشتہ دورہ چترال کے دوران کے موقع پر ان پر واضح کردیا تھا کہ صوبائی حکومت نے ضلعی حکومت کو ایک ایسی گاڑی فراہم کی ہے جس میں نہ تیل ہے نہ انجن درست ہے اور نہ دوسرے پرزے جس کی باوجود وہ اس ناکارہ گاڑی کو ایک سال تک کونسلروں کے ذریعے دھکا دے کر چلاتا رہا ۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ چترال کے دوران ویلج ناظمین اور کونسلروں نے اس کی کامیابی کے لئے جانفشانی سے کام کرکے جلسہ عام کو کامیاب بنایا۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کی طرف سے اعلان کردہ بیس کروڑ روپے کی گرانٹ کو ان کی مشاورت سے استعمال کیا جائے گا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع چترال مولانا جمشید احمد نے منتخب بلدیاتی نمائندوں پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ خدمت خلق کو اپنا شعار بنالیں کیونکہ خدمت انسانیت میں ہی عظمت ہے اور آپ لوگ وہ خوش قسمت ہیں جنہوں نے عوام کی خدمت کو زندگی کا مشن بنایا ہوا ہے۔ مولانا جمشید نے کہاکہ ضلعی حکومت اپنے محدود وسائل اور نظام میں خرابیوں کے باجود ویلج ناظمین اور کونسلروں کی مدد جاری رکھے گی تاکہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں عوام کے مسائل بنیادی سطح پر حل کرنے کے قابل ہوسکیں۔ انہوں نے کونسلروں کو جماعت اسلامی کے 22-23اکتوبر کے پشاور میں اجتماع عام میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ موجودہ صورت حال کے تناظر میں اجتماع کی اہمیت کے پیش نظر نہ صرف خود شرکت کریں بلکہ اپنے ساتھ سینکڑوں افراد کو بھی تیار کریں۔ اس سے قبل ڈسٹرکٹ ویلج ناظمین فورم کے چیرمین سجاد احمد خان، ڈسٹرکٹ کونسل کے سابق چیر مین الحاج خورشید علی خان، تحصیل نائب ناظم خان حیات اللہ خان اور جماعت اسلامی کے جنرل سیکرٹری ہدایت اللہ نے بھی کنونشن سے خطاب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں