227

ایس آرایس پی کی طرف سے ضلع کونسل کے ممبران کے لئے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا

چترال (نامہ نگار) سرحد رورل سپورٹ پروگرام کے سی ڈی ایل ڈی پراجیکٹ کے زیر اہتمام ضلع کونسل کے ممبران کے لئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جسمیں ضلع نائب ناظم سمیت کونسل کے ممبران ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اوراسٹاف نے شرکت کیں۔ ورکشاپ کے آغاز میں سی ڈی ایل ڈی کے پروگرام منیجر منیر احمد سید نے کہا کہ ایس آر ایس پی اور محکمہ بلدیات کے درمیان باقاعدہ معاہدے کے تحت ویلج کونسل، تحصیل کونسل اور ضلع کونسل کے تقریباً پانچ سو منتخب نمائندگان کو بلدیاتی نظام کے حوالے سے تربیت فراہم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تربیت کا نصاب لوکل گورننس سکول کی طرف سے مہیا شدہ ہے جبکہ محکمہ بلدیات کی طرف سے تربیت یافتہ ماسٹر ٹرینرز تربیت فراہم کررہے ہیں اور اس ضمن میں SRSPسی ڈی ایل ڈی کا کردار سہولت کاری کی حد تک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات کی خصوصی درخواست پر ویلج کونسل کے سیکرٹریوں کو بھی اس تربیت میں شامل کیا گیا ہے اور ابتک دونوں تحصیل کونسلوں کے علاوہ 62ویلج کونسلوں کے ناظمین، نائب ناظمین، یوتھ کونسلر، اقلیتی کونسلر اور ایک ایک خاتون کونسلرز کو تربیت فراہم کی جاچکی ہے ۔ ورکشاپ کے آغاز میں سابق سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ رحمت غازی نے پاکستا ن میں بلدیاتی اداروں کی تاریخ پر روشنی ڈالی۔ تین روزہ ورکشاپ کے اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے ضلع نائب ناظم مولانا عبدالشکور نے بلدیاتی نمائندگان کے استعداد کار کو بڑھانے کے سلسلے میں SRSPکے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان تربیتی پروگرامات کی وجہ سے بڑے پیمانے پر آگاہی ہو رہی ہے اور اسکا سہرا ایس آر ایس پی کے سر ہے۔ انہوں نے کہا تربیت کا یہ سلسلہ جاری رہنا چاہئے ۔ شرکاء ورکشاپ کے اس تربیتی ورکشاپ کو نہایت مفید اور سود مند قرار دیا اور کہا کہ اس تربیت کا رفریشر کورس بھی کرایا جائے۔ آخر میں شرکاء ورکشاپ میں اسناد تقسیم کئے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں