313

ترقیاتی کاموں کی باقاعدگی سے نگرانی کریں تاکہ منصوبے بروقت اور معیار کے مطابق تعمیر ہوسکیں،ایم پی اے سلیم خان کاتمام محکمہ جات کے اہلکاروں کو سختی سے ہدایت

چترال ( نمائندہ چترال ) چےئرمین ڈیڈک ایم پی اے سلیم خان نے تمام محکمہ جات کے اہلکاروں کو سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ترقیاتی کاموں کی باقاعدگی سے نگرانی کریں تاکہ منصوبے بروقت اور معیار کے مطابق تعمیر ہوسکیں۔ جبکہ بہت سے منصوبے نگرانی نہ ہونے کی وجہ سے ناکام ہوجاتے ہیں۔ انھوں نے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو ، ٹی ایم اے ، پی ایچ ای اور ایریگشن کے اہلکاروں کو خصوصی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کام بروقت مکمل نہ ہونے کی وجہ سے انکی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں جبکہ موجودہ صوبائی حکومت کی مالی حالت بھی درست نہیں ۔ وہ گزشتہ روزڈپٹی کمشنر آفس میں ڈیڈک اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبد الغفار کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے سربراہان موجود تھے۔ سلیم خان نے محکمہ پبلک ہیلتھ کے کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جاری کاموں کی جلد تکمیل کی ہدایت کی۔ چےئرمین نے سی اینڈ ڈبلیو ڈویژن کے بعض کامو ں کو خصوصا سکولوں کی تعمیر میں غیر ضروری تاخیر پر بھی برہمی کا اظہا ر کرتے ہوئے بائی پاس اور گرم چشمہ روڈ کی مرمت جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ انھوں نے کہا کہ گرم چشمہ روڈ کا ٹھیکہ دار بوس بنا ہوا ہے ۔ اس سے کام لیا جائے یا معاہدہ ختم کرکے کسی دوسرے تھیکہ دار کو دیا جائے تاکہ مذکورہ روڈ پر کوئی بڑا حادثہ رونما نہ ہو۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ زلزلہ میں متاثرہ سکولوں ، دفاتر، ڈی ایچ او آفس ، رہائش گاہ اور ڈسپنسریوں کی مرمت فنڈ نہ ہونے کی وجہ سے اب تک نہ ہوسکے ہیں۔ سلیم خان نے پی ڈی ایم اے کی طرف سے دئیے گئے ایک کروڑ بیالیس لاکھ روپے کے ادویات ایک سال کاعرصہ گزرنے کے باوجود لوگوں کو نہ دینے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایک مہینے کے اندر تقسیم کرنے کی ہدایت کی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مذکورہ ادویات سٹور نہ ہونے کی وجہ سے کھلے آسمان تلے خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں