421

چترال میں پی ٹی سی ایل کی طرف سے انٹرنیٹ کے صارفین کے ساتھ روا رکھے جانے مذاق کا فوری نوٹس لیا جائے۔جے آئی یوتھ پریس کانفرنس

چترال (نمائندہ) جماعت اسلامی یوتھ ضلع چترال کے صدر وجیہ الدین نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہےکہ چترال میں پی ٹی سی ایل کی طرف سے انٹرنیٹ کے صارفین کے ساتھ روا رکھے جانے مذاق کا فوری نوٹس لیا جائے جہاں ایک ماہ سے ڈی۔ایس۔ ایل سروس بند ہے اور اپٹیکل فائبر سسٹم کی تنصیب کے باوجود چالو کرنے میں غیر ضروری تاخیر اور صارفین سے 4GBانٹرنیٹ کی چارجز وصول کرکے صرف 500MBکا سروس دیا جارہاہے ۔ ویلج ناظمین فورم کے ضلعی صدر سجا داحمد خان، جنرل سیکرٹری نوید احمد بیگ اور جے ۔آئی یوتھ کے رہنماؤں جہا ن زیب خان، مقصود الرحمن ، عبدالعزیز خان ،صارفین ڈی ایس ایل اور دوسروں کی معیت میں بدھ کے روز چترال پریس کلب میںایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جدید دور کا بنیاد انٹرنیٹ کی سہولت پر ہے اور نوجوان 1طبقہ اور طالب علم اس جدید سہولت پر انحصار رکھتے ہیں اور چترال میں سینکڑوں طلباء وطالبات یونیورسٹیوں کے ساتھ ان لائن ہوکر تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی سی ایل انتظامیہ نے گزشتہ سال سے چترال کے صارفین کے ساتھ سنگین مذاق کا سلسلہ شروع کیا ہے اور شکایتوں کی شنوائی نہ ہونے پر انٹرنیٹ صارفین سڑکوں پر آ نے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔انہوں نے اس بات پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپٹیکل فائبر کی لائن اور مشینری چترال میں نصب کرنے کے باوجود اسے چالو نہیں کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے پی ٹی سی ایل حکام کو خبر دار کرتے ہوئے کہاکہ چترالی عوام کی شرافت کا مزید امتحان نہ لیا جائے ورنہ وہ حالات سے تنگ ہوکراحتجاج پر اتر آتے ہوئے پی ٹی سی ایل کے دفاتر کو تالا لگا نے پر مجبور ہوں گے ۔ انہوں نے پی ٹی اے سے مزید مطالبہ کیاکہ وارید موبائل فون کے خلاف بھی کاروائی کی جائے جوکہ چترال میں 4Gکی چارجز صارفین سے وصول کرنے کے باوجود مطلوبہ سروس فراہم کرنے میں ناکام ہےجو کہ صارفین کو لوٹنے کے مترادف ہے۔ اس سے قبل سینکڑوں انٹرنیٹ کے صارفین نے پولوگراونڈ سے ایک جلوس نکالا جوکہ پی ٹی سی ایل آفس کے سامنے کچھ دیر دھرنا دینے کے بعد چترال پریس کلب میں اختتام پذیر ہوگئی ۔ مظاہرین نے پی ٹی سی ایل کے خلاف شدیدنعرہ بازی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں