232

تدریس کا شعبہ ایک ایسا مقدس پیشہ ہے ۔ کہ دُنیا میں کوئی بھی اور پیشہ احترام اور تقدس کے لحاظ سے اس کا مقابلہ نہیں کر سکتا ، ڈی ای او چترال حاجی حنیف اللہ

چترال ( محکم الدین ایونی) ڈی ای او چترال حاجی حنیف اللہ نے کہا ہے ۔ کہ اساتذہ معمار قوم اور انسانی انجینئر ہیں ۔ اس لئے ان کا کام سب سے مشکل ہے ۔ تاہم تدریس کا شعبہ ایک ایسا مقدس پیشہ ہے ۔ کہ دُنیا میں کوئی بھی اور پیشہ احترام اور تقدس کے لحاظ سے اس کا مقابلہ نہیں کر سکتا ۔ اس لئے اساتذہ کو چاہیے ۔ کہ وہ اپنی تدریسی ذمہ داریوں کے ساتھ انصاف کریں کیونکہ قوم کے بچوں کا مستقبل اُنہیں سے وابستہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ہائی سکول بمبوریت میں یوم والدین کی ایک پُر وقار تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جس میں ناظم ویلج کونسل بمبوریت محمد رفیع ایڈوکیٹ صدر محفل کے علاوہ منیجر اے وی ڈی پی وزیر زادہ ، چیرمین پی ٹی سی کونسل عبد الجبار ،ریٹائرڈ اُستاد محمد وزیر خان کے علاوہ مسلم اور کلاش عمائدین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی ۔ انہوں نے سکول کے ہیڈ ماسٹر وسیم احمد اور دیگر اساتذہ کو سالانہ امتحانات میں نمایان پوزیشن حاصل کر نے اور صوبائی حکومت کی طرف سے ساڑھے پانچ لاکھ روپے انعامات کے حقدار ٹھہرائے جانے پر اُنہیں مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ انشااللہ اگر سکول نے اپنا یہی معیار برقرار رکھا ۔ تو اگلی مرتبہ چیف منسٹر ہاؤس پشاور میں انعام کیلئے اساتذہ اور طلباء کو بلایا جائے گا ۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی ۔ کہ وہ اچھے نتائج کے حصول کیلئے سکول کے ساتھ تعاون کریں کیونکہ اساتذہ ، طلبہ اور والدین مل کر ہی معیار ی تعلیم اور اچھے نتائج کے حصول کو ممکن بنا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چترال اور کا لاش وادیوں کے بچے بچیوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں ۔ صرف اُن کی رہنمائی اور مدد کی ضرورت ہے ۔ تقریب سے علاقے کی تعمیر وترقی کیلئے کام کرنے والا ادارہ ے وی ڈی پی کے منیجر وزیر زادہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ سابق چیف سیکرٹری غلام دستگیر خان ، انجہانی اقلیتی مشیر وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار سورن سنگھ کی بھر توجہ کے باعث صوبائی حکومت نے بمبوریت میں گرلز ہائی سکول ،سو طلبہ کیلئے رہائشی ہاسٹل اور پرائمری سکول منظور کیا تھا۔ جن پر تعمیراتی کام جاری ہیں ۔ یہ تعلیمی ادارے صوبائی حکومت کی طرف سے وادی کے لوگوں کیلئے بہت بڑا تحفہ ہیں۔ اس میں چترال کے کسی ایم این اے اور ایم پی ایز کی کوششیں شامل نہیں img_20161112_121849ہیں ۔اس کیلئے وادیوں کے تمام مسلم اور کالاش برادری صوبائی حکومت کے مشکور ہیں ۔ اور توقع رکھتے ہیں ۔ کہ آیندہ بھی وادیوں کے مسائل صوبائی حکومت براہ راست حل کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا ۔ انہوں نے اپنے ادارے کی طرف سے طلبہ کیلئے پندرہ ہزار روپے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے چیرمین پی ٹی سی کونسل عبدالجبار کی کو ششوں کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ کالاش اور مسلم کمیونٹی کا باہمی اخوت پوری دُنیا کیلئے ایک مثال ہے ۔ اور یہی باہمی اتفاق و اتحاد ان وادیوں کے مسائل حل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا ۔ معروف کالاش خاتون شاہی گل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طلباء و طالبات کو نصیحت کی کہ ہم نے وادیوں میں انتہائی غربت میں وقت گزارا، آج کے بچوں کو ایسی کسی پریشانی کا سامنا نہیں ہے ۔ اس لئے طلباء تعلیم کی طرف بھر پور توجہ دیں ۔ کیونکہ وادیوں کی زمینات سیلاب اور دیگر آفات کی وجہ سے تباہ ہو چکے ہیں اور گلہ بانی دہشت گردی کی وجہ سے متاثر ہو چکا ہے ۔ ایسے میں زندہ رہنے کیلئے تعلیم سب سے بڑا ہتھیار ہے ۔ جسے حاصل کرکے عزت اور روزگار دونوں حاصل کئے جاسکتے ہیں ۔ استاد جاوید حیات نے والدین پر زور دیا ۔ کہ وہ اپنے بچوں کو دن رات پڑھنے کیلئے ماحول مہیا کریں ۔ وادی کے بچوں میں تعلیم کا بے پناہ جذبہ موجود ہے ۔ صرف اُن کی سر پرستی اور رہنمائی کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ اساتذہ آج سکولوں میں طلبہ کو ڈرانے دھمکانے سے قاصر ہیں ۔ اور یہ ڈنڈا اُستاد کی بجائے والدین اور طلبہ کے پاس ہے ۔ اس لئے یہ ضروری ہے ۔ کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت پر بھر پور توجہ دی جائے ۔ اُستاد مطیع الرحمن نے طلبہ کیلئے نصیحت اموز نظم پیش کی اور اُن کی صلاحیتوں کو سراہاجبکہ اُستاد زاہد عالم نے اپنے خطاب میں سابق چیف سیکرٹری غلام دستگیر خان اور سابق ڈی اای او سراج احمد کو خراج تحسین پیش کیا ۔ کہ اُن کی کوششوں سے وادی بمبوریت میں تین تعلیمی ادارے بیک وقت تعمیر ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ بمبوریت میں بچیوں کی تعداد 300سے زیادہ ہوچکی ہے ۔ اور بعض بچے سکول دور ہونے کی وجہ سے تعلیم سے محروم ہیں ۔ قاری خلیل الرحمن ممبر ویلج کونسل نے اساتذہ کی تعریف کی ۔ اور اسلامی پہلو وں میں تعلیم وتعلم پر روشنی ڈالی ۔چیر مین پی ٹی سی کونسل عبدالجبار نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔ اور ٓایندہ تعاون کی اپیل کی ۔ انہوں نے سکول کیلئے گراؤنڈ کی ضرورت پر زور دیا ۔ ناظم ویلج کونسل محمد رفیع ایڈوکیٹ نے کہا ۔ کہ کسی بھی معاشرے کیلئے تعلیم بنیادی اہمیت رکھتا ہے ۔ باقی چیزیں ثانوی حیثیت رکھتی ہیں ۔ انہوں نے اساتذہ سے اپیل کی ۔ کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں بچوں کیلئے مختص کریں ۔ اور ان کو اچھی رہنمائی اور تربیت کے ذریعے وادیوں ، چترال اور ملک کیلئے کار آمد شہری بنانے میں اپنا کرادار ادا کریں ۔ انہوں نے طلباء کیلئے تیرہ ہزار روپے کا اعلان کیا ۔ تقریب کے اختتام پر ڈی ای او حنیف اللہ اور دیگر مہمانوں نے نمایاں پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات ،اور تقریب میں ملی نغمے ، نعت ، خاکے اور ٹیبلو پیش کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کئے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں