248

آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ (اے کے یو۔ای بی) ہائی اچیورز ایوارڈ  2016 ایس ایس سی اور ایچ ایس ایس سی امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والوں کے لیے تقریب کا انعقاد

گلگت(نامہ نگار)آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ نے نویں دسویں ( سیکنڈری اسکول سرٹیفیکیٹ۔ایس ایس سی) اور گیارھویں بارھویں( ہائر سیکنڈری اسکول سرٹیفیکیٹ۔ایچ ایس ایس سی) امتحانات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 162 طلبا کے لیے تقریب ستائش ‘ہائی اچیورز ایوارڈ’ منعقد کی۔گلگت ۔ بلتستان اورچترال سمیت پاکستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبا ، والدین، صدور مدرس اور اساتذہ کی ایک بڑی تعداد نے اس تقریب ستائش میں شرکت کی اور طلبا کی کامیابیوں کو سراہا۔اے کے یو کے صدر فیروز رسول نے اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے کہا، “ہمیں اے کے یو۔ای بی سے فارغ التحصیل طلبا پر فخر ہے جن میں سے بیشتر نے ممتاز قومی اور بین الاقوامی یونیورسٹیز میں داخلے حاصل کیے ہیں۔ اے کے یو۔ای بی نے پاکستان کے تعلیمی نظام کے لیے بہترین کارکردگی اور جدت کی ایک مثال قائم کی ہے اور معاشرے پر اس کے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہوئے دیکھنا ہمارے لیے بے حد خوشی کا باعث ہے۔” مجموعی طور پر ایس ایس سی امتحانات میں طالبات نے طلبا پر سبقت حاصل کی جہاں المرتضی اسکول، کراچی کی علینہ فاطمہ اور آغا خان ہائر سیکنڈری اسکول، کراغ، چترال کی حرا ناز نے مشترکہ طور پر اول پوزیشن حاصل کی۔ ناصرہ اسکول، کراچی کی روحینہ ندیم نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ تیسری پوزیشن بھی مشترکہ طور پر دو طالبات نے حاصل کی جن میں مریم صدیقہ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول، چنیوٹ کی شہلا تنویر اور نصرت جہاں اکیڈمی گرلز ہائی اسکول، چنیوٹ، پنجاب کی مریم احسان شامل ہیں۔اول پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ حرا ناز نے اس موقعے پر بات کرتے ہوئے کہا، “اے کے یو۔ای بی کے طلبا کے پاس تخلیقی صلاحیت کا مظاہرہ کرنے کا بھرپور موقع ہوتا ہے کیونکہ ان کا سیکھنے کا طریقہ جدت پسند ہوتا ہے۔ اے کے یو۔ای بی کی طالبہ کی حیثیت سے میں نے یہ سیکھا ہے کہ علم کا روزمرہ زندگی پر اطلاق کیسے کیا جاتا ہے جس سے اپنے علم پر میرا اعتماد پختہ ہوا۔ اے کے یو۔ای بی کا نظام صاف شفاف اور صحیح ہے جو اسے معتبر بناتا ہے اور اس سے طلبا کو کامیابی حاصل کرنے کی تحریک ملتی ہے۔”ایچ ایس ایس سی امتحانات میں آغا خان ہائر سیکنڈری اسکول، کریم آباد، کراچی کی اریج المدینہ نے مجموعی طور پر اول پوزیشن حاصل کی جبکہ حبیب گرلز اسکول، کراچی کی اریبہ ایم امین نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ آغا خان ہائر سیکنڈری اسکول، کریم آباد، کراچی سے ہی فاطمہ ایم اسد خان نے مجموعی طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ہائی اچیورز ایوارڈ کے مہمان خصوصی ایس ایس ٹی چیئرمین، ٹی پی ایل ہولڈنگز اور ‘آئی ایم کراچی’ اقدام کے صدر جمیل یوسف تھے۔ انھوں نے طلبا اور اے کے یو۔ای بی کو سراہتے ہوئے کہا، “دس سال سے زائد تجربے کے حامل اس ادارے سے اندازاً 30,000 طلبا فارغ التحصیل ہوئے ہیں اور آج کچھ اور کامیاب طلبا اس تعداد میں اضافہ کریں گے۔ ان طلبا نے اپنی اعلی ترین کارکردگی سے ثابت کر دیا ہے کہ یہ مستقبل کے راہنما اور پالیسی ساز ہیں۔” اے کے یو۔ای بی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شہزاد جیوا نے کلمات تشکر ادا کرتے ہوئے کہا، “اے کے یو۔ای بی بین الاقوامی معیار کو پانے کے لیے کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی جدوجہد میں ہمہ وقت مصروف ہے۔ ہمارا مقصد جدت طرازی کے فروغ کے ساتھ ایسے منفرد افراد تیار کرنا ہے جو ذمہ دار، ذہین، ازخود سوچنے اور رائے قائم کرنے کی صلاحیت کے حامل اور خودمختار ہوں اور مستقبل میں قائدانہ کردار ادا کر سکیں۔ اے کے یو۔ ای بی نے اپنے اس مقصد اور کامیابی کے حصول کے لیے مصروف رہنے کا عزم کیا ہے۔”

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں