194

سی ڈی ایل ڈی پروگرام نے مقامی لوگوں کو اپنی ترقیاتی ترجیحات کی نشاندہی اور عملدرآمد میں با اختیار بنایا ہے۔ ڈپٹی کمشنر چترال

چترال(بشیر حسین آزاد)عوامی شراکت پر مبنی پروگرام برائے مقامی ترقی (CDLD) نے مقامی لوگوں کو اپنے ترقیاتی ترجیحات کی نشاندہی اور ان پر عملدرآمد کرانے میں با اختیار بنا دیا ہے۔ صوبائی حکو مت کا شروع کردہ CDLD پروگرام کے ذریعے حکومتی پیسہ مقامی تنظیمات کے ہاتھو ں خرچ ہو تا ہے اور ترقیاتی منصوبہ جات کی نشاندہی بھی مقامی لوگ مل کر کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر چترال اسامہ احمد وڑائچ نے علاقہ ریشن، چرون اور بونی کے دورے کے موقع پر ویلج کونسل کے نا ظمین ، مقامی عمائدین اور مقامی تنظیمات کے عہدیداران کے ساتھ خطاب میں کیا۔ انہوں نے علاقہ ریشن جوکہ گزشتہ سال سیلاب کی وجہ سے بُری طرح متاثر ہوا تھا، چرون اور بونی میں سی۔ڈی ۔ ایل۔ڈی پروگرام کے تحت مکمل کردہ اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور کام کے معیار کے حوالے سے اطمنان کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مقامی لوگوں پر زور دیا کہ وہ اپنے علاقے کی ترقی میں باہمی اتفاق و اتحاد کو یقینی بنا کر ساتھ مل کر کام کریں ۔ انہوں نے اپنے دورے کے دوران ویلج کونسل ریشن اور بونی 2کے عمائدین اور ناظمین سے خطاب کے دوران انہیں آگاہ کیا کہ CDLD پروگرام کے فنڈ کو ویلج کونسل کے ADP فنڈ کے ساتھ ضم کرکے آنے والے دنوں میں ایک تجرباتی پروگرام شروع کیا جا رہا ہے جس سے فیصلہ سازی کے عمل کو مذید مقامی سطح پر لا یا جا سکتا ہے۔ تاکہ ویلج کو نسل اور مقامی لوگ مل کر اپنے علاقے کی ترقی میں بہتر فیصلہ کر سکیں۔ اس حوالے سے ضلع چترال میں صرف پانچ ویلج کونسل کو منتخب کیا گیا ہے جس میں ریشن اور بونی 2 ویلج کونسل شامل ہیں۔ اس موقع پر سابق ایم۔پی۔اے غلام محمداور مقامی عمائدین نے بھی خطاب کئے اور اپنے خطاب کے دوران ڈپٹی کمشنر چترال کو ان کی چترال میں شاندار کار کردگی پر خراج تحسین پیش کئے اور ان کی دلیرانہ صلاحیتوں اور تسلسل سے پسماندہ علاقوں کا دورہ کر کے مقامی لوگوں کے مسائل سن کر ان کی حل میں دلچسپی لینے کو سراہا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر کے ساتھ ڈسٹرکٹ افیسر فینانس اینڈپلاننگ نورالامین اور سی۔ڈی۔ایل۔ڈی ٹیکنیکل اسسٹنس ٹیم کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر افسر جان بھی موجود تھے۔ درین اثنا بونی سے واپسی پر ڈپٹی کمشنر نے ریشن گول میں ضلعی انتظامیہ کی نشاندہی کردہ زیر تعمیر پلیں جو کہ CAD کا ادارہ تعمیر کر رہا ہے کا بھی دورہ کیا اور ان کی بر وقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے ہدا یات دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں