241

چترال میں پیر کے روز بھی بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا ۔ گرم چشمہ میں چار انچ گبور میں ڈیڑھ فٹ برف پڑی ہے

چترال ( محکم الدین ) چترال میں پیر کے روز بھی بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا ۔ گرم چشمہ میں چار انچ گبور میں ڈیڑھ فٹ برف پڑی ہے ۔ جبکہ شندور ٹاپ پر برف پڑنے سے چترال گلگت بلتستان روڈ بند ہو گیا ہے ۔ چترال کے بالائی علاقہ کھوت میں چھ انچ اور کالاش ویلی بمبوریت کے شیخاندہ میں چار انچ برف پڑی ۔ برفباری کے نتیجے میں چترال میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے ۔ اور لوگوں کو سردی سے بچنے کیلئے جلانے کی لکڑی کے حصول میں انتہائی مشکلات کا سامنا ہے ۔ جلانے کی لکڑی مارکیٹ میں دستیاب نہیں ۔ اور جہاں دستیاب ہے ۔ قیمت من مانی وصول کی جارہی ہے ۔ تاہم مشکلات کے باوجود بارش اور برفباری پر لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے ۔ کیونکہ خشکی کی وجہ سے علاقے میں مختلف بیماریوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا تھا ۔ اور اب بارش سے اُن میں کمی آنے کی توقع کی جارہی ہے ۔ چترال میں گذشتہ سالوں کی نسبت بارش اور برفباری کی مقدار میں شدید کمی آئی ہے ۔ جس کی وجہ سے زراعت کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے ۔حالیہ بارش اور برفباری بہتری کی اُمید پیدا ہوئی ہے ۔ اُن علاقوں میں بہت زیادہ خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے جہاں پانی کی قلت کا لوگوں کو پہلے ہی سامنا ہے ۔ طویل خشک سالی اور آٹھ مہینوں سے بارش نہ ہونے کی بنا پر اورغوچ ، موڑکہو سمیت بارانی زمینات کاشت کرنے والے لوگوں میں بہت زیادہ تشویش پائی جاتی تھی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں