Site icon Daily Chitral

چترال میں حالیہ سیلاب نے جہاں ایون کے وسیع وعریض علاقے کو تباہ کرکے رکھ دیا ،ایون ہائیڈل پاور سٹیشن اور چینل کو شدید نقصان

چترال ( نمایندہ ڈیلی چترال) چترال میں حالیہ سیلاب نے جہاں ایون کے وسیع وعریض علاقے کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے ۔ وہاں بیس ہزار کی آبادی کی بجلی کی ضرویات پوری کرنے والے ایون پرائیویٹ ہائیڈل پاور سٹیشن اور اُس کے چینل کو شدید نقصان پہنچا یاہے ۔ جس کی وجہ سے ایون ، بروز ، جوٹی لشٹ ، کیسو ، سید آباد اور شیڑی کے دیہات بجلی سے مکمل طور پر محروم ہو چکے ہیں ۔ چترال میں یہ واحد بجلی گھر ہے ۔ جسے پرائیویٹ طور پر سب سے کامیاب بجلی گھر قرار دیا جا سکتا ہے ۔ اسے ایک مقامی شخصیت اور پاکستان مسلم لیگ ن کے مقامی رہنما حاجی محمد خان نے حکومتی تعاون سے ایون کے لوگوں کو درپیش بجلی کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے تعمیر کیا تھا ۔ لیکن حالیہ سیلاب میں ہائیڈل پاور سٹیشن کا ایک بڑا حصہ اور چینل کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ اور گذشتہ پچیس دنوں سے بجلی منقطع ہے ۔ ایون اور ملحقہ دیہات کے لوگ ایک طرف خود سیلاب کی وجہ سے بُری طرح متاثر ہیں ۔ تو دوسری طرف ایون ہائیڈل پاور سٹیشن کو پہنچنے والے شدید نقصان کی وجہ سے بجلی سے محرومی ان علاقوں کے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے ۔پورا علاقہ اندھیروں میں ڈوب چکا ہے ۔ روشنی کا انتظام نہ ہونے کے باعث خواتین اور بچوں میں انتہائی خوف و ہراس پایا جا تا ہے ۔ رہی سہی کاروبار زندگی بجلی نہ ہونے کے باعث ختم ہو چکی ہے ۔ اور لوگ دوبارہ سے پتھر کے دور کی زندگی کو و اپس لوٹ چکے ہیں ۔ ایون کے عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے ۔ کہ یہ بجلی گھر ایک وسیع آبادی کیلئے بجلی فراہم کرتا ہے ۔ جسے سیلاب کے بعد دوباہ بحال کرنا پاور سٹیشن کے مالک اور کمیونٹی کے بس کی بات نہیں ۔ اس لئے حکومت اس کیلئے فنڈ کا اعلان کرکے بجلی کی جلد آز جلد بحالی کو ممکن بنانے میں مدد فراہم کرے۔ تاکہ کاروبار زندگی کو دوبارہ سے چلایا جا سکے

Exit mobile version