Site icon Daily Chitral

پاورکمیٹی چترال کے ممبران نے ایس ارایس پی کے زیرتعمیربجلی گھرکادورہ کیا

چترال(نمائندہ ڈیلی چترال)حالیہ سیلاب کے بعد پورا ضلع چترال تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے۔چترال ٹاون کی 60ہزار آبادی سیلاب سے پہلے بھی بجلی سے محروم تھی۔نیشنل گرڈ سے پیسکو حکام چترال ٹاون کو24گھنٹوں میں4گھنٹے یا5گھنٹے بجلی دیتے ہیں۔20یا21گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی ہے۔مگر وہ وقت دور نہیں جب چترال ٹاون میں بجلی کا مسئلہ سرحد رورل سپورٹ پروگرام کے تعاون سے حل ہوگا۔اس حوالے سے ٹاون کی پاؤر کمیٹی کے ممبران نے ایس آر ایس پی کے زیر تعمیر بجلی گھر کا دورہ کیا اور کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔یورپی یونین کے (Peace)پراجیکٹ کے تعاون سے اس بجلی گھر کا افتتاح اپریل کے مہینے میں ہوا تھا۔گولین کے مقام پر بننے والا یہ بجلی گھر دومیگاواٹ بجلی پیدا کرے گا۔جو ٹاون کی 60ہزارآبادی کی ضروریات پوری کرے گی۔پاؤر کمیٹی کے اراکین تحصیل کونسل کے منتخب ممبر حیات اللہ خان،ناصر احمد اورشیر آغا نے بجلی گھر کی نہر،ریزر وائراور سپل وے پر سول ورک کا معیار دیکھا اور کام کی رفتار دیکھی۔جہاں ہیوی مشینری کے ذریعے کام ہورہا ہے۔اس موقع پر ایس آرایس پی کے ریجنل پروگرام منیجر طارق احمد نے پاؤر کمیٹی کے اراکین کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ افتتاح سے لیکر بجلی گھر کی تکمیل تک9مہینے لگیگا۔دسمبر کے مہینے میں مشینری کی تنصیب مکمل ہوگی اور ٹربائین کی ٹیسٹ رننگ شروع ہوگی۔ انشاء اللہ مقررہ مدت میں چترال ٹاون کو دومیگاواٹ بجلی مہیا کی جائیگی۔اس موقع پر پاؤرکمیٹی کے صدر خان حیات اللہ خان اور دیگر ممبران نے ایس آر ایس پی کے کام کو سراہا –

Exit mobile version