Site icon Daily Chitral

علاقے کی پسماندگی دور کرنے ،خواتین کے مسائل حل کرنے اور علاقے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے بھر پور کو شش کریں گی،کالاش نمائندے

چترال ( نمائندہ ڈیلی چترال) بلدیاتی انتخابات کے نتیجے میں تینوں کالاش وادیوں کی نمایندگی کیلئے کامیاب ہونے والی اقلیتی کالاش خواتین ممبران ولایت گُل بمبوریت ، جمشاہی رمبور اور زرگل بریر ویلی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے ۔ کہ وہ علاقے کی پسماندگی دور کرنے ،خواتین کے مسائل حل کرنے اور علاقے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے بھر پور کو شش کریں گی ۔ ہفتے کے روز چترال شہر میں حلف برداری کی تقریب کے بعد انہوں نے میڈیا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا ۔ کہ کالاش ویلیز پہلے سے ہی پسماندہ ہیں اور حالیہ سیلاب نے اس علاقے میں زندگی مزید مشکل بنا دی ہے ۔ خصوصا اقلیتی برادری کو بہت زیادہ مصائب اور مسائل کا سامنا ہے ۔ علاقے میں انسانوں اور حیوانات کیلئے خوراک کی شدید قلت ہے ۔ روڈ تباہ و برباد ہو چکے ہیں ۔ تعلیمی اداروں کی حالت ناگفتہ بہہ ہے ۔ اور صحت کے حوالے سے کالاش خواتین کو کو ئی سہولیات دستیاب نہیں ۔ ایام زچگی کیلئے ا ستعمال کئے جانے والے کالاش میٹرنٹی ہوم بشالینی انتہائی خستہ حالت میں ہیں ۔ اور صاف پانی کے بوند بوند کو لوگ ترس رہے ہیں ۔ ملت گُل نے کہا ۔ کہ اُنہوں کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ ہی اسلئے لیا ہے ۔ کہ کالاش خواتین کو ہمیشہ نظر انداز کیا جاتا ہے ۔ اُن کے لئے کچھ نہیں کیا جاتا ۔ علاقے میں ڈاکٹر کا وجود نہیں ۔ اس لئے بیماری کی صورت میں خواتین کو ہسپتال میں ڈاکٹر اور ادویات کی سہولت فراہم کرنے کی بجائے ایڑیاں رگڑ رگڑ کر مرنے پر مجبور کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں خواتین پر ہونے والی اس ظلم و زیادتی کی روایت اور امتیازی سلوک کو ختم کرنے کیلئے میدان میں آئی ہوں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ سیلاب نے تمام زرعی آراضی برباد کردیا ہے ۔ سینکڑوں مال مویشی ہلاک ہو گئے ہیں۔ اور جو بچ گئے ہیں اُن کو چراگاہوں میں خوراک دستیاب نہیں ۔ ایسے حالات میں حکومت کو علاقے کی طرف بھر پور توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ لیکن افسوس کا مقام ہے ۔ کہ بڑے پیما نے پر تباہی کے باوجود حکومت کی طرف سے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں ہو رہے ۔ صرف طفل تسلیوں کے ذریعے ٹرخایا جا رہا ہے ۔ تینوں کالاش خواتین نے مرکزی ، صوبائی اور ضلعی حکومت سے کالاش ویلیز کے مسائل فوری طور پر حل کرنے کا مطالبہ کیا ۔

Back to Conversion Tool

Exit mobile version