Site icon Daily Chitral

مسلح افواج کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وطن سے محبت،وفاداری اور خدمت کے جذبوں کی بھر پور انداز میں تجدید کی جائے۔سی ایم

پشاور(نمائندہ ڈیلی چترال)وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ یوم دفاع پاکستان پوری قوم سے اس امر کا تقاضا کرتا ہے کہ مسلح افواج کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وطن سے محبت،وفاداری اور خدمت کے جذبوں کی بھر پور انداز میں تجدید کی جائے اور 6 ستمبر1965 کو مادر وطن کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے دھرتی کے عظیم سپوتوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا جائے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہاکہ 6 ستمبر کو پاکستان کی جری اور دلیر مسلح افواج نے وطن عزیزکی جغرافیائی سرحدوں اور سلامتی و خود مختاری کی حفاظت کرتے ہوئے دشمن کی کئی گنابڑی فوج کے ناپاک عزائم کو ناکام بنادیا تھا جس پر پوری قوم کو عزم و شجاعت کی پیکر اپنی مسلح افواج پر بجاطور پر فخر ہے اُنہوں نے کہاکہ مسلح افواج نے جس بہادری اور دلیری سے دشمن کا مقابلہ کیااس کی مثال قوموں کی تاریخ میں نہیں ملتی پرویز خٹک نے کہا کہ اس عظیم دن کی یاد منانے سے قوم میں حب الوطنی اور بے مثال قربانیوں سے حاصل کئے گئے وطن کی قدر میں اضافہ ہو گاوزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان کو آج دہشت گردی، انتہا پسندی اور متعدد دیگر اندرونی وبیرونی جن خطرات کا سامنا ہے پاکستان کی مسلح افواج ایک بار پھر ملک کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کی خاطر ان خطرات سے نبردآزما ہیں اور پاکستان کے محب وطن عوام ان خطرات سے نمٹنے کیلئے مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اُنہوں نے کہاکہ ہماری پاک فوج کے نڈر اور جانباز سپاہی وطن عزیز کا عظیم سرمایہ ہیں جو نہ صرف جنگ کے میدانوںمیں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں بلکہ خطرناک اور تباہ کن قدرتی آفات سمیت دیگر ہنگامی حالات میں اپنے ملک کے عوام کی خدمت میں بھی سب سے آگے رہے ہیں جس پر پوری قوم کو اُن پر فخر ہے وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان کے عوام باالعموم اور صوبہ خیبر پختونخوا کے عوام کیلئے باالخصوص یہ حقیقت باعث اطمینان اور فخر ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے آپریشن ضرب عضب میں دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کامیابیاں حاصل کی ہیں اور انشااﷲ یہ آپریشن عنقریب اپنے سو فیصد مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب ہوگا اُنہوں نے کہاکہ جب ہم یوم دفاع کی خوشیاں منا رہے ہیں تو ایسے میں ہمیں اُن بے گھر آئی ڈی پی ز کی تکالیف اور قربانیوں کو بھی نہیں بھولنا چاہیئے جو دہشت گردوں کے خلاف مسلح افواج کی کاروائیوں کو کامیاب بنانے اور محفوظ اور خوشحال پاکستان کی خاطر اپنے گھر بار چھوڑ کر کھلے میدان میں پڑے ہیں اُنہوں نے صوبے اور ملک کے عوام پر زور دیا کہ دفاع پاکستان کے دن وہ اس عزم کا اعادہ کریں کہ دفاع وطن کی خاطر وہ ہمیشہ پاکستان کی مسلح افواج کا ساتھ دیں گے اور اس عظیم مقصد کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
<><><><><>

Exit mobile version