Site icon Daily Chitral

.ویلج کونسل سیکرٹریوں کی تعیناتی میں میرٹ کی خلاف ورزی کرنے کے الزام کی مکمل چھان بین کی جائے گی

چترال ( نمائندہ چترال )ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ نے کہا ہے کہ ضلع چترال میں ویلج کونسل سیکرٹریوں کی تعیناتی میں میرٹ کی خلاف ورزی کرنے کے الزام کی مکمل چھان بین کی جائے گی مگر بلدیاتی انتخابات کے پہلے اور دوسرے مرحلوں میں شکست خوردہ عناصر کی طرف سے اس صورت حال کو کیش کرنے کی کوشش ان کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے۔ ضلع نائب ناظم مولانا عبدالشکور، مولانا جمشید احمد امیر جماعت اسلامی ضلع چترال اور پارٹی کے دوسرے رہنماؤں ہدایت اللہ، قاضی سلامت اللہ اور مولانا اعماد الحق کی معیت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ویلج کونسل سیکرٹریوں کی سیلیکشن کے لئے گائیڈ لائن صوبائی حکومت کی طرف سے دئیے گئے تھے جن کے مطابق اسسٹنٹ ڈائرکٹر لوکل گورنمنٹ نے چناؤ کیا جس پر بعض امیدواروں نے اپنی عدم اعتمادکا اظہار کیا ہے اور ان کا احتجاج فطری عمل ہے لیکن بعض سیاسی رہنماؤں رحمت غازی اور عبدالولی ایڈوکیٹ کا پرائے کی شادی میں عبداللہ دیوانہ بننا ناقابل فہم بات ہے جوکہ دراصل اپنی انتخابی شکست کے زخم کو نہیں بھول چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے ان رہنماؤں کو چاہئے تھا کہ وہ متعلقہ اور مناسب فورم میں اس مبینہ بے قاعدگی کے خلاف آواز اٹھاتے لیکن انہوں نے مخالف سیاسی جماعتوں کے ساتھ حساب برابر کرنے کے لئے اسی موقع کو غنیمت جانا۔ ضلع ناظم نے اس موقع پر ایک کمپلینٹ سیل بنانے کا اعلان کیا جوکہ میرٹ کی مبینہ خلاف ورزی کی تمام شکایت کو اکھٹا کرے گی جبکہ صوبائی حکومت کی طر ف سے ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کو رولز آف بزنس اور اختیارات ملنے کے بعد ان کی سرکاری طور پر انکوائری کرائی جائے گی۔ انہوں نے نتائج پر عدم اعتماد کا اظہار کرنے والے امیدواروں کو مشور ہ دیتے ہوئے کہاکہ وہ جماعت اسلامی کے ضلعی دفترمیں ضیاء الاسلام اور نوید احمد بیگ کے پاس اپنے کیس مکمل ثبوت کے ساتھ جمع کرائیں۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مولانا عبدالشکور نے زور دیتے ہوئے کہاکہ پروپیگنڈا اور اصل حقیقت میں ہمیں فرق کرنی چاہئے جوکہ موجود ہ وقت میں ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے خلاف جاری ہے۔

Exit mobile version