چترال ( ڈیلی چترال نیوز) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن عثمان گل نے ہفتے کے روزچترال شہر کے قریب گولین کے مقام پر سرحد رورل سپورٹ پروگرام (ایس آر ایس پی ) کے PEACEپراجیکٹ اور یورپین یونین کی مالی معاونت سے تعمیر ہونے والی ہائیڈرو پاؤر پراجیکٹ کے سائٹ کا دورہ کرکے تعمیر کی معیار اور رفتار پر اطمینا ن کا اظہار کرتے ہوئے کہا اسے اپنی نوعیت کا ایک اہم منصوبہ قرار دیا اور اس کی جلد تکمیل کے لئے مقامی انتظامیہ کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی گھر کی تعمیر سے چترال شہر اور مضافات میں بجلی کی بلاتعطل ترسیل ممکن ہوسکے گی جبکہ اب بجلی کی کمی اور لوڈ شیڈنگ سے عوام تنگ آچکے تھے اور امن وامان کا مسئلہ بھی پید ا ہورہا تھا۔ انہوں پن بجلی کی اس بڑے منصوبے پر ایس آر ایس پی اور اس کی مالی معاونت پر یورپین یونین کو سراہتے ہوئے کہاکہ چترال اور دوسرے ملحقہ اضلاع میں پن بجلی کی پیدوار کی بے پناہ گنجائش سے فائدہ اٹھانے پر اب منظم انداز میں کام کررہے ہیں جس سے علاقے میں ترقی کے ساتھ ساتھ ماحول کی تحفظ بھی یقینی ہوگی۔ اس موقع پر موجود ایس آرایس پی کے چیف ایگزیکٹیو افیسر شہزادہ مسعود الملک نے کمشنرکو بتایاکہ اگلے سال کے وسط سے پہلے پہلے بجلی گھر کا افتتاح کیا جائے گااور اس ڈیڈ لائن کو یقینی بنانے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑ اجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ یورپین یونین کے تحت اس ضلعے کے طول وغرض میں منی اور مایکرو ہائیڈروپاؤر اسٹیشن کی تعمیر کا کام جاری ہے جس سے عوام کو سستی بجلی میسر آئے گی۔ ایس آر ایس پی کے بورڈ ممبر احسان اللہ خان،پیس پراجیکٹ کے پی ایم انجینئر زاہد خان، ڈی پی ایم طارق احمد اور پاٹرپ پراجیکٹ کے پراجیکٹ منیجر انجینئر خادم اللہ بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر چترال اسامہ احمد وڑائچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔