Site icon Daily Chitral

نیشنل بنک آف پاکستان کے گرم چشمہ برانچ کی افتتاحی تقریب،رکن صوبائی اسمبلی سلیم خان مہمان خصوصی

چترال (ڈیلی چترال نیوز) چترال سے صوبائی اسمبلی کے رکن اور ضلعی ترقیاتی مشاورتی کمیٹی (ڈیڈاک) کے چیرمین سلیم خان نے کہاہے کہ نیشنل بنک آف پاکستان ترقی کی علامت ہے اور کسی علاقے میں اس کا شاخ کھل جانا اس علاقے میں ترقی کی نوید ہے اور گرم چشمہ میں اس بنک کی آمد سے اہالیان لوٹ کوہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور آلو کی پیدوار کے لئے مشہور اس علاقے میں کاشت کار وں کو اس کاسب سے ذیادہ فائدہ ہوگا ۔ نیشنل بنک آف پاکستان کے گرم چشمہ برانچ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ لوٹ کوہ میں ہر سال آلو کی پیدوار کی مالیت ایک ارب روپے سے تجاوزکرجاتی ہے اور اس کے کاشت کاروں کو اب بیچ، کیمیائی کھاد اور جراثیم کش ادویات اور مارکیٹنگ کے لئے قرضے کی سہولت میسر آنے پر اس نقد�آور فصل کی پیدوار میں مزید اور کسانوں کو خوشحالی میسر آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ مستقبل قریب میں سنٹرل ایشیاء کے ساتھ ملانے والی شاہراہ بھی یہیں سے گزرنے کی صورت میں اس قومی بنک کی اہمیت اور بھی بڑھ جائے گی۔ انہوں نے اہالیان گرم چشمہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا بنک کی اس شاخ کی کامیابی کے لئے وہ دن رات محنت کریں۔ ایم پی اے سلیم خان نے نیشنل بنک اور اسٹیٹ بنک کے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر نیشنل بنک آف پاکستان کے ایر یا منیجر ظاہر اللہ نے کہاکہ اس برانچ میں جہاں پنشن لینے والے ہزاروں افراد مستفید ہوں گے تو وہاں ان لائن بنکنگ، اے ٹی ایم اور دوسری سہولیات کی فراہمی سے علاقے کے عوام میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کو سہولیات میسر آئیں گے جن میں کسان سے لے کر طالب علم شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ انہوں نے اس شاخ کو کام کو بہتر انداز میں شروع کرنے کے لئے اپنے پاس بہترین افسران اور اہلکاروں کو یہاں تعینات کیا ہے جن میں برانچ منیجر احسان اللہ اور کیشیر محراب حسین شامل ہیں۔ اپنے صدارتی خطاب میں علاقے کے مغزز شخصیت اور پامیر پبلک سکول کے پرنسپل اسلام الدین نے کہاکہ اس علاقے میں غربت کی شرح نسبتاً کم ہے لیکن یہاں بچت کی عادت عوام میں بہت ہی کم ہے اور اس بنک کی قیام سے یہ امید پیدا ہوگئی ہے کہ وہ اپنے مختلف اسکیم متعارف کرکے عوام میں یہ عادت پیدا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ خواتین اور نوجوانوں کو آسانی سے اس طرف راغب کیا جاسکتا ہے جن کی مختلف تنظیمیں بھی فعال ہیں ۔ انہوں نے علاقے کے کاروباری حضرات پر زور دیا کہ وہ اپنے اکاونٹ چترال شہر کے مختلف بنکوں سے یہاں منتقل کریں۔ اس موقع پر علاقے کے مغززیں محمد وکیل خان، گلاب خان، عبدالمراد، محمد وزیر، محمد ولی خان، محمد قاسم اور دوسروں نے کہاکہ پنشنرز کو بنک کی اس شاخ سے خصوصی فائدہ حاصل ہوگا جوکہ کئی ہزار روپے خرچ کرکے چترال جانے پر مجبور تھے جن میں خواتین بھی شامل تھے۔ انہوں نے اس برانچ کو کھلوانے میں کردار ادا کرنے پر ایم پی اے سلیم خان اور ایم این اے شہزادہ افتخارالدین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ چترال میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ایم پی اے سلیم خان نے کہاکہ گرم چشمہ روڈ کی سمت تبدیل کرنے کے لئے دو ارب روپے کی فراہمی کے لئے ان کے ساتھ جاپان ایمبسی سمیت متعدد اداروں نے وعدے کئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ حال ہی میں انہوں نے گرم چشمہ ٹاؤن میں ابنوشی کے لئے ایک کروڑ روپے کی لاگت سے اسکیم منظور کرائی ہے جبکہ ہائر سیکنڈری سکول میں امتحانی ہال سمیت دوسرے سہولیات کی فراہمی اور متعدد پرائمر ی اور مڈل سکولوں کی ترقی بھی شامل ہیں۔

Exit mobile version