Site icon Daily Chitral

چترال سکاؤٹس کومتاثرین کی مشکلات کا بھر پور احساس ہے،مصیبت کی اس گھڑی میں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل نظام الدین شاہ

چترال ( نمائندہ ڈیلی چترال) کمانڈنٹ چترال کرنل نظام الدین شاہ نے گذشتہ روز بالائی چترال کے سیلاب اور زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ۔ اور ریشن ، کوراغ ،موڑکہو ، چرون اویر،موردیر ، کوشٹ اور سہت کے متاثرین میں امدادی اشیاء تقسیم کیں ۔ جبکہ مستوج ،یارخون وغیرہ علاقوں کے لئے سامان روانہ کئے گئے ۔ یہ سامان مختلف اداروں کی طرف سے متاثرین میں تقسیم کرنے کیلئے چترال سکاؤٹس کو فراہم کئے گئے تھے ۔امدادی سامان میں کمبل ،CS2 رضائیاں ، گرم سوئیٹر، کیچن کے سامان اور ترپال شامل ہیں ۔ اس موقع پر کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ۔ اور کہا ۔ کہ چترال سکاؤٹس کو آپ کی مشکلات کا بھر پور احساس ہے ۔ اور مصیبت کی اس گھڑی میں ہم آپ کے ساتھ ہیں ۔ ہماری کوشش ہے ۔ کہ ہم ہر ممکن طریقے سے اس مشکل وقت میں آپ کی مدد کریں ۔ متاثرین نے کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کی ہمدردی اور امدادی سامان کی فراہمی پر اُن کا شکریہ ادا کیا ۔ اور سیلاب و زلزلے کے دوران چترال سکاؤٹس کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات کی تعریف کی ۔ متاثرین نے سیلاب اور زلزلے سے متاثر ہونے والی سڑکوں ، نہروں اور آبپاشی سکیموں کے حوالے سے کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کو آگاہ کیا ۔اور اُن سے اس سلسلے میں اقدامات اُٹھانے کی اپیل کی ۔ کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس نے کہا ۔ کہ اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کو ہدایات دیے جائیں گے ۔ اور انشاللہ بتدریج مسائل حل کئے جائیں گے ۔ امدادی سامان بارہ سو خاندانوں میں تقسیم کئے گئے ۔ جن میں دیگر متاثرین کے علاوہ چترال سکاؤٹس اور آرمی کے ایکس سروس مین شامل ہیں ۔

Exit mobile version