Site icon Daily Chitral

چترال پولیس نے توشی شا شا گیم ریزرو میں غیر قانونی شکار کرنے والے ملزمان کی نشاندہی پر کشمیری مارخور کی کھال اور بندوق بر آمد کرکے مقدمہ درج کر لیا

چترال ( محکم الدین محکم ) چترال پولیس نے توشی شا شا گیم ریزرو میں غیر قانونی شکار کرنے والے ملزمان مبارک احمد اور اسرار احمد کی نشاندہی پر کشمیری مارخور کی کھال اور بندوق بر آمد کرکے اُن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ ڈی پی او چترال آصف اقبال مومند کے حکم پر ایس ایچ او تھانہ چترال سلطان بیگ نے وائلڈ لائف واچرز قاضی رشید احمد اور جمشید عالم کی رپورٹ پر او ڈبل آئی قاضی فیض محمد خان کی سربراہی میں اے ایس آئی قربان علی اور ناصر علی پر مشتمل ٹیم تشکیل دی ۔جنہوں نے زیر حراست ملزمان مبارک احمد اور اسرار احمد کو ساتھ لے کر اُن کی نشاندہی پر مارخور کی پوست اور شکار کیلئے استعمال شدہ بندوق بر�آمد کر لیا ۔ اور ملزمان کے خلاف زیر دفعہ وائلڈ لائف ایکٹ مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کر لیا ۔ پولیس کے مطابق مذکورہ ملزمان نے توشی شاشا گیم ریزرو میں گذشتہ روز غیر قانونی طور پر شکار کیا ۔ اور واچروں کی طرف سے اُن کا پیچھا کرنے پر انہوں نے شکار کردہ مارخور کے گوشت کا کچھ حصہ رات کی تاریکی سے فائدہ اُٹھا کر لے گئے تھے ۔ اور گوشت و کھال کا کچھ حصہ بمعہ بندوق ایک جگے میں چھپالیا تھا ۔ لیکن چترال پولیس نے انتہائی مستعدی اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزمان سے بات اُگلوانے اور بر آمدگی میں کامیاب ہو گیا ۔ محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق شکار کردہ کشمیری مارخور نو سال کا ٹرافی مارخور تھا ۔ جس کی قیمت ایک کروڑ دس روپے مالیت کی تھی ۔اور ملزمان نے مارخور کا شکار کرکے کمیونٹی اور چترال کو بہت بڑا مالی نقصان پہنچایا ہے۔ درین اثنا چترال میں جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے قائم ویلج کنزرویشن کمیٹیز کے نمایندگان نے چترال پولیس کی کارکردگی کو سراہا ہے ۔ اور غیر قانونی مارخور کا شکار کرنے والے افراد کے خلاف اقدامات کی تعریف کی ہے.

Exit mobile version