Site icon Daily Chitral

کلچر ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا کے تعاون سے کالاش ویلی بمبوریت میں بارہ روزہ انڈیجنس ونٹر سپورٹس فیسٹول منگل کے روز شروع

چترال ( محکم الدین محکم ) کلچر ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا کے تعاون سے کالاش ویلی بمبوریت میں بارہ روزہ انڈیجنس ونٹر سپورٹس فیسٹول منگل کے روز شروع ہوا ۔ جس میں کالاش ویلی کے معروف کریک گاڑ ( سنو گالف ) کا افتتاح ڈی پی او چترال آصف اقبال مومند اور میجر یاسر نے دونوں ٹیموں کی طرف سے گیند کوہٹ لگا کے کیا ۔اس موقع پر وادی کے سینکڑوں مردو خواتین ،سیاح اور سکیورٹی اداروں کے آفیسران و جوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ افتتاحی میچ کا مقابلہ گاؤں کراکاڑ اور کندیسار کے مابین ہوا ۔ جو پانچ گھنٹے تک جاری رہا ۔ تاہم شاندار مقابلے کے بعد کراکاڑ نے کندیسار کو چھ کے مقابلے میں آٹھ گولوں سے شکست دی ۔ اس موقع پر اپنے اپنے گاؤں کی ٹیموں کا حوصلہ بڑھانے کیلئے شاباشی نعروں اور سیٹیوں سے پوری وادی گونجتا رہا ۔ کراکاڑ گاؤں کی کامیابی پر گاؤں کے لوگوں نے زبردست خوشی منایا ۔ اور ڈھول کی تھاپ پر سنوگاف کے سٹک اُٹھائے رقص کی ۔ کامیاب ٹیم کو روایات و ثقافت کے مطابق بکرا خریدنے کیلئے کیش انعام دیا گیا ۔ جس سے ونر اور رنر اپ ٹیم مل کر ضیافت کا اہتمام کریں گے ۔ ڈی پی او چترال آصف اقبال مومند نے میچ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ خیبر پختونخوا کلچر ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے ونٹر سپورٹس فیسٹول کیلئے مالی تعاون انتہائی قابل تحسین ہے ۔ یہ اس علاقے کا انتہائی دلچسپ ثقافتی کھیل ہے ۔ جو صدیوں سے کھیلا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ اس کھیل کے انعقاد میں مقامی معاون ادارہ اے وی ڈی پی کا کردار بھی قابل تعریف ہے ۔ جنہوں نے کلچر ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کاری کرکے یہ ممکن بنا یا ۔ ڈی پی او نے کہا ۔ کہ فیسٹول کیلئے فل پروف سیکیورٹی کا انتظام کیا گیا ہے ۔ اور کھیل کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن کو شش کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ یہ سیاحوں کیلئے کلچر سے بھرا ایک بہترین تفریح ہے ۔ جس سے مقامی اور باہر کے لوگ محظوظ ہوں گے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چترال واحد ضلع ہے ۔ جہاں کے لوگ امن کو سب سے مقدم سمجھتے ہیں ۔ یہی وجہ ہے ۔ کہ یہاں بد آمنی کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے ۔ فیسٹول میں رمبور ، بمبوریت اور بریر وادیوں کی دس ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ۔اور روزانہ دو ٹیموں کا مقابلہ ہو گا ۔ جبکہ فائنل میچ 24فروری کو کھیلا جائے گا ۔ کریک گاڑ کی دلچسپ بات یہ ہے ۔ کہ اس میں گاؤں کے گاؤں مقابلے میں میدان میں اترتے ہیں ۔ جن میں خواتین بھی اپنے گاؤں کے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے میں شامل ہوتی ہیں ۔ اور کھیل گاؤں کے تمام لوگوں کیلئے غیرت کا سوال بن جاتا ہے ۔ ونٹر سپورٹس فیسٹول کے تمام میچوں میں کامیاب ہونے والی ٹیم کو مقامی رواج کے مطابق ایک بکرے کی رقم انعام کے طور پر دیا جاتا رہے گا ۔ اور مجموعی طور پر آٹھ بکرے اس کھیل میں کام آئیں گے ۔ جبکہ 24فروری کو فائنل میچ کے موقع پر ایک دن کے بادشاہ کے چناؤ کیلئے دو بکرے بطور انعام دیے جائیں گے ۔ منتخب بادشاہ اپنی طرف سے بیل ذبح کرکے حاضریں کو دعوت دے گا ۔ اس دوران اُن کے احکامات کی تعمیل گاؤں والوں پر لازمی ہو گی ۔ سنو گاف کے پہلے میچ کے اختتام پر مہمان ممبر ڈسٹرکٹ کونسل چترال رحمت الہی ،صوبیدار پاک آرمی اور منیجر اے وی ڈی پی وزیر زادہ نے انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر انہوں نے فیسٹول کوکامیاب بنانے کے سلسلے میں کالاش پیپل ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے چیف لوک رحمت اور اُن کی ٹیم کی کو ششوں کو سراہا ۔

Exit mobile version