Site icon Daily Chitral

وزیر خزانہ کی زیرصدارت نویں قومی فنانس کمیشن سے متعلق اجلاس

پشاور(نمائندہ ڈیلی چترال)خیبرپختونخوا کے وزیرخزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ ہماری حکومت وفاق سے عنقریب باضابطہ مطالبہ کرنے جا رہی ہے کہ نویں قومی مالیاتی ایوارڈ کی تشکیل کیلئے این ایف سی کمیشن کا اجلاس بلائے تاکہ وفاق اور صوبوں کے مابین وسائل کی تقسیم کا نیا اور دیرپا فارمولا طے کیا جا سکے وہ سول سیکرٹریٹ پشاور کے کانفرنس روم میں نویں قومی مالیاتی ایوارڈ کی تیاریوں سے متعلق پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی زیرصدارت کر رہے تھے جس میں کمیشن کے ممبر پروفیسر محمد ابراہیم خان، کنسلٹنٹ احتشام خان، محکمہ خزانہ کے سیکرٹری علی رضا بھٹہ اوردیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی اجلاس میں ایوارڈ کی تیاریوں سے متعلق اب تک ہونے والے تمام اقدامات اور لائحہ عمل پر تفصیلی بحث کی گئی اور بعض ضروری سفارشات کی تیاری کے علاوہ متعدد فیصلے بھی کئے گئے مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے این ایف سی کمیشن کیلئے ممبر کی تقرری کے بعد کمیشن کی تشکیل کا مرحلہ بھی مکمل ہوگیا ہے اسلئے اجلاس کی طلبی اور قومی مالیاتی ایوارڈ کی تیاری بھی ناگزیر ہوچکی ہے اسی طرح انہوں نے کہا کہ مرکز سے یہ مطالبہ بھی کیا جائے گا کہ اسے تفویض کردہ گرانٹس اور سبسڈیز کی موضوعاتی رپورٹ بھی جلد از جلد مکمل کی جائے تاکہ صوبے اس پر اپنی آراء بروقت دے سکیں اور یہ قومی فریضہ بھی وسیع تر قومی مفاد میں جلد پایہ تکمیل کو پہنچ سکے انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر اقدام عوام کی فلاح و بہبود اور ان کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے ہوتا ہے جسکے ہم پوری تندہی سے کوشاں ہیں اور یہی جذبہ مرکز کا بھی ہونا چاہئے تاکہ ملک بھر کے عوام کو قومی دھارے میں شرکت کیلئے زیادہ مواقع مہیا ہوں اور صوبے یکساں ترقی کر سکیں۔

Exit mobile version