Site icon Daily Chitral

چوری میں ملوث ملزم کا سراغ لگانے اور قانون کے شکنجے میں لانے پر چترال پولیس کوخراج تحسین پیش کررہے ہیں ،پریس کانفرنس

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال ) صدر ، چترال کیمسٹس اینڈ ڈرگسٹس ایسوسی ایشن محمد حسین اور ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداران نور احمد خان، حاجی روئیدار احمد ساجد، حاجی میر عالم، محمد ادریس، سیف الدین اور دوسروں کے ہمراہ چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے 14۔اپریل کو دروش بازار میں متعدد میڈیکل اسٹوروں میں چوری میں ملوث ملزم کا سراغ لگانے اور قانون کے شکنجے میں لانے پر چترال پولیس کے ایس ۔ ڈی۔ پی ۔او ظفر احمد خان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں چوری کے وارداتوں میں ملوث نیٹ ورک کا قلع قمع کیا جائے۔ انہوں نے میڈیکل اسٹوروں میں چوری کے واقعے کاسنجیدگی سے نوٹس لینے پر ضلع ناظم، ڈی۔ پی۔ او اور ڈی۔ سی چترال کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ دروش کے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے قریب بازار میں رات کے وقت پولیس گشت کو یقینی بنائی جائے کیونکہ رات کے وقت ایمرجنسی ڈیوٹی سرانجام دینے والے کیمسٹوں کو چوروں کی وجہ سے جانی خطرہ درپیش ہے ۔ انہوں نے انتظامیہ اور پولیس سے مزید مطالبہ کیا ہے کہ چوروں سے برامد شدہ مسروقہ رقم 3لاکھ 77ہزار روپے کو جلد از جلد دکانداروں کے حوالے کیا جائے جس میں تاخیر کی صورت میں ان کو مزید نقصان اٹھانا پڑرہا ہے۔ کیمسٹ برادری کے نمائندوں نے کہا کہ ایک ڈایگناسٹک لیبارٹری میں چھ لاکھ روپے مالیت کی مایکروسکوپ کے ضیاع کا معاوضہ چوری کے ملزم صدام حسین ولد چراغ حسین سے دلوایا جائے اور تفتیش کا دائرہ کار بڑہاکر چوروں کے منظم گروہ کو بے نقاب کیا جائے جنہوں نے دروش میں اودھم مچا رکھا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں دروش ہسپتال کے قریب واقع میڈیکل اسٹوروں میں رات کے وقت متعدد نقب زنی کرکے سامان اور نقد چوری کیا تھا جن میں شفیق میڈیکل اسٹور، عالم میڈیکوز ، سیف میڈیکوز اور گل میڈیکل اسٹور اور عطرت بتول لیبارٹری شامل تھے۔ دریں اثناء تحصیل کونسل چترال کے ممبر روئیدار احمد ساجد نے چوری کے اس واقعے میں ملزم تک پہنچنے میں کارکردگی پر ایس ڈی پی او دروش کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔

Exit mobile version