Site icon Daily Chitral

آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کے زیر اہتمام پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ کے پروگرام پی پی آر کے تحت سکولوں میں داخلہ مہم

چترال ( نمائندہ ڈیلی چترال نیوز ) آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کے زیر اہتمام پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ کے پروگرام پی پی آر کے تحت سکولوں میں داخلہ مہم کے حوالے سے ایک آگہی تقریب ایون اینڈ ویلیز ڈویلپمنٹ پروگرام کی سہولت کاری سے گورنمنٹ ہائی سکول بمبوریت میں منعقد ہوئی ۔ جس میں علاقائی مسلم اور کالاش عمائدین نے شرکت کی ۔ پروگرام کے مہمان خصوصی پی ٹی سی چیرمین عبدالجبار تھے ۔ جبکہ صدر محفل کے فرائض استاد محمد ایوب نے انجام دی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی پی آر کے ذمہ دار ریاض احمد نے کہا ۔ کہ تعلیم سب کا بنیادی حق ہے ۔ لیکن پسماندہ علاقوں کے بچے بعض معاشی مجبوریوں اور کلچر کی وجہ سے حائل رکاوٹوں کے سبب آج بھی تعلیم سے محروم ہیں ۔جب تک چترال کے تمام بچے تعلیم سے بہراور نہیں ہوں گے ۔ خوشحال زندگی کا تصور ایک خواب ہے ، تعلیم انسان کی نہ صرف صلاحیتوں کو نکھارتا ہے ۔ بلکہ اُسے معاشرے میں بہتر مقام حاصل کرنے اور آسودہ زندگی گزارنے کی راہیں ہموار کرنے کے ساتھ ساتھ اُس میں تدبر فراست اور اسلامی و اخلاقی اقدار کا تحفظ کرنے کیلئے سوچ اور فکر پیدا کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ پروگرام فار پاورٹی er4ریڈکشن کا بنیادی مقصد تعلیم سے محروم بچے اور بچیوں کو ہرقیمت پرسکولوں کی طرف لانا ہے ۔ تاکہ سو فیصد علمی ماحول پیدا کیا جاسکے ۔ اور مستقبل کا ہر بچہ تعلیم کے ذریعے اس قوم کو اپنے حصے کا کام لوٹانے کے قابل ہو سکے ۔ پی ٹی سی چیرمین عبدالجبار نے اپنے خطاب میں کہا ۔ کہ جو قوم اپنی حالت خود بدلنے کی کوشش نہیں کرتی ۔ اُس کی زندگی میں کبھی تبدیلی نہیں آ سکتی ۔ اور تعلیم ایک ایسا خزانہ ہے ۔ جو زندگی ایسی بدل دیتی ہے ۔ جو دوسروں کیلئے مثال بن جاتی ہے ۔ اس لئے طلباء کامیاب تعلیم یافتہ افراد کو اپناآئیڈئل بناکر اعلی تعلیم حاصل کرنے کی جدوجہد کریں۔ انہوں نے اس بات پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا ۔کہ گذشتہ سال کے سیلاب سے بمبوریت کے تمام پُل اور سڑکیں بہہ گئے ہیں ۔ جس سے وادی کے زیادہ تر بچے پُل نہ ہونے کے سبب سکولوں تک پہنچنے سے محروم ہیں ۔ اور بار بار کے مطالبات کے باوجود اس کی طرف زرا برابر توجہ نہیں دی جاتی ۔ ایسے میں سوفیصد تعلیم کے اہداف کیسے حاصل کئے جا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا ، اگر ہمیں بچوں اور بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا ہے ۔ تو پُلوں ،سڑکوں آبنوشی سکیموں اور دیگر انفراسٹرکچر پر بھی توجہ دینی ہو گی ۔ صدر محفل استاد محمد ایوب نے کہا ۔ کہ علم مشکلات سے مقابلہ کرنے کا درس دیتا ہے ۔ اور وہی لوگ زیادہ کامیاب ہو ں گے ۔ جو علم کی راہ میں صعو بتیں جھیلیں گے ۔ اپنی نیندیں حرام کریں گے ۔ انہوں کہا ۔ کہ اسلام نے جتنا زور علم کے حصول پر دیا ہے ۔ شاید ہی کسی اور مذہب نے اس پر اتنی توجہ دی ہے ۔ اس لئے علم کا حصول نہ صرف بہتر مستقبل کیلئے ضروری ہے ۔ بلکہ چترال جیسے پسماندہ ضلع سے غربت اور بے روزگاری سے نجات حاصل کرنے کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے،تقریب سے استاد حاجی نواز نے بھی خطاب کیا جبکہ بچیوں نے نعت شریف پیش کی ۔ تقریب کے اختتام پر ایک آگہی ریلی نکالی گئی ۔ جس میں طلباء و طالبات نے تعلیم کی اہمیت کے بارے میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے۔ ریلی سکول سے گاؤں کندیسار تک جانے کے بعد واپس آ کر اختتام پذیر ہوا ۔

Exit mobile version