Site icon Daily Chitral

چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی ایون کیلئے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد ، بچوں کے مسائل حل کرنے کے سلسلے میں کئی اقدامات کا فیصلہ

چترال ( محکم الدین ) سرحد رورل سپورٹ پروگرام چترال کے زیر اہتمام چائلڈ پروٹیکشن پراجیکٹ کے تحت چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی کا تربیتی ورکشاپ دفتر ویلج کونسل ایون میں منعقد ہوا ۔ جس میں مختص شدہ دیہات درخناندہ و کورو کے کمیٹی ممبران کے علاوہ چیرمین وی سی ایون ون وجیہ الدین چیرمین وی سی ایون ٹو محمد رحمان و صدر چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی صہیب عمر نے شرکت کی ۔ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر ایس آر ایس پی عبادالرحمن نے یونیسیف کی طرف سے بچوں کی بہبود کیلئے اقدامات اور بچوں کے حقوق سے متعلق عالمی اور ملکی قوانین پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ اور بتایا کہ پاکستان سمیت دنیا کے ایک سو نوے اقوام متحدہ کے ممبر ممالک بچوں کے حقوق کے عالمی مسودہ ( یو این سی آر سی ) پرعمل کرنے کے پابند ہیں ۔ جس میں بچوں کے حقوق کا تحفظ کیا گیا ہے۔ اٹھارہ سال سےکم عمر کا ہر فرد چائلڈ شمار ہوتا ہے۔ ہربچہ ماں باپ ، خاندان اور ماحول / معاشرے کے دائرے کے اندر رہائش پذیر ہے ۔ اور ان تینوں کا براہ راست مثبت اور منفی اثر بچے پر پڑتا ہے ۔ ورکشاپ میں گروپ ورک کے ذریعے بچوں کے مسائل کی نشاندہی کی گئی ۔ اور ترجیحات کا تعین کرنے کے ساتھ ساتھ ان مسائل کے حل کے حوالے سے چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی اور کمیونٹی کی ذمہ داریوں کا تعین کیا گیا ۔ اور ادارے کی طرف سے تعاون کیلئے تجاویز اور سفارشات پر مبنی ورک پلان بنایا گیا ۔ ورکشاپ میں بچوں کو خاندانی تنازعات ، امتیازی سلوک ، جنسی و ذہنی تشدد ، تعلیم و صحت کی سہولیات کی عدم دستیابی ،سپورٹس کے لئے سامان اور پلے گراونڈ کی عدم دستیابی ، غذائی کمی ،کم عمری شادی سمیت جملہ مسائل پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی ۔ اورحل کیلئے اقدامات کی نشاندہی بھی کی گئی ۔ ورکشاپ میں بچوں کو صحت مند تفریح مہیا کرنے کیلئے عیدالفطر کے فورا بعد ایج گروپ کی بنیاد پر کھیلوں کے ٹورنامنٹ منعقد کرنےکا فیصلہ کیا گیا ۔ جس میں دس سے چودہ سال اور پندرہ سے اٹھارہ سال کے بچوں کے الگ الگ مقابلے ہوں گے ۔ جبکہ بچوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے کوئز پروگرام ، تھیٹر اور ڈرامے بھی سٹیج کئے جائیں گے ۔ اس موقع پر یہ بھی فیصلہ کیا گیا ۔ کہ ٹارگیٹڈ ایریا درخناندہ اور کورو کے بچوں کے پیدائش سرٹفیکیٹ یو سی آفس ایون میں تیار کئےجائیں گے ۔ اور ان پیدائش سرٹفیکیٹس کی فیس ایس آر ایس پی چائلڈ پروٹیکشن پراجیکٹ کے ذریعے یو سی آفسز کو آدا کرے گی ۔ اس طرح والدین مفت یہ سرٹفیکیٹ حاصل کر سکیں گے ۔ ورکشاپ میں کمیٹی نے یہ مطالبہ کیا ۔ کہ گورنمنٹ ہائی سکول ایون اور گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول درخناندہ میں نرسری اور پرائمری کلاسز کی عمر کے بچوں کیلئے جھولے وغیرہ لگائے جائیں ۔ اور اسپشل بچوں کیلئے خصوصی کٹس اور علاج معالجے کی سہولت فراہم کئے جائیں ۔

Exit mobile version