Site icon Daily Chitral

نئے مالی سال میں 70فیصد گرلز اور 30فیصد بوائز سکولز تعمیر کئے جائیں گے۔محمد عاطف خان

صوبائی وزیر علیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ جہازونو گراؤنڈ مردان میں 7ایکڑ اراضی پر قائم ہونے والا ایکول فاطمہ الفھری گرلز ماڈل سکول صوبے میں اپنی نوعیت کا پہلا گرلز ماڈل سکول ہو گا جس میں طالبات پرسکون ماحول میں معیاری تعلیم حاصل کر سکیں گے انہوں نے کہا کہ ماڈل اس گرلز ماڈل سکول پر 22کروڑ روپے لاگت آئے گی اور یہ جون 2017میں مکمل ہو گا ۔وہ مردان میں ایکول فاطمہ الفھری گرلز ماڈل سکول کی سنگ بنیاد رکھنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔تقریب سے صوبائی اسمبلی کے رکن عبید اللہ مایار اور ڈی ای او (زنانہ) ثمینہ غنی نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی افتخار علی مشوانی ،ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم قیصر عالم ،ڈائریکٹر ایجوکیشن محمد رفیق خٹک ،سی این ڈبلیو کے چیف انجنےئر داود جان ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ ،اسسٹنٹ کمشنر خان محمد اور تحصیل مردان کے ناظم محمد ایوب خان بھی موجود تھے ۔محمد عاطف خان نے کہا کہ نئے مالی سال میں قائم ہونے والے سکولوں میں 70فیصد گرلز سکولز اور 30فیصد بوائز سکولز تعمیر کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس،،صحت، ریونیو، تعلیم سمیت تمام اداروں میں اصلاحات سے ادارے مضبوط بنائے گئے ہیں اور ان اداروں کو عوام کے سامنے جوابدہ بنا دیا گیا ہے ۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ گرلز ماڈل سکول صوبے میں اپنی نوعیت کا پہلا سکول ہو گا جہاں پر طالبات کے لیے ہاسٹل سمیت تمام جدید ماحول میں تعلیمی سہولیات میسر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام اداروں کو مضبوط بنا نا ہے اور عمران خان کی ویژن کے مطابق صوبائی حکومت نے تمام اداروں میں اصلاحات کر کے اسے مضبوط بنا دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مردان میں خواتین یونیورسٹی کے قیام سے علاقے کے خواتین کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع گھر کی دہلیز پر مہیا ہونگی انہوں نے کہا کہ مردان بورڈ کی اراضی پر 30کروڑ روپے کی لاگت سے قومی سطح کی سپورٹس کمپلیکس بنائی جائیگی جس میں انٹر بورڈز اور انٹر سکولزکھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔محمدعاطف خان نے کہاکہ پرانے جیل کی جگہ پر فیملی پارک کا سنگ بنیاد بھی جلد رکھیں گے اور اس حوالے سے وکلاء کے تحفطات دور کئے گئے ہیں انہو ں نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں مردان میں چار فلائی اوورز اور پاکستان کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا واحد کیڈٹ کالج تعمیر کیا جائیگا جس پر 3ارب روپے خرچ ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت خواتین کی تعلیم پر بھر پور توجہ دے رہی ہے کیونکہ ایک تعلیم یافتہ ماں ہی بہتر مستقبل کی ضمانت ہے انہوں نے کہا کہ قوموں کی ترقی کا راز تعلیم میں مضمر ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے سب سے زیادہ توجہ شعبہ تعلیم پر مرکوز رکھی ہے اور بجٹ کا 28فیصد حصہ تعلیم پر خرچ کیا جا رہا ہے جو کہ صوبے کی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے ۔انہوں نے کہا مردان کے سکولو ں میں بنیادی ضروریات کی فراہمی پر صوبائی حکومت نے پچھلے سال 50کروڑ ا خرچ کیے جبکہ اس سال 32کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے

Exit mobile version