Site icon Daily Chitral

مرکزی حکومت کا خیبر پختونخواکے حقوق غصب کرنا قابل مذمت ہے۔مظفر سید ایڈوکیٹ

پشاور(نمائندہ ڈیلی چترال)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی میں لوگوں کی جوق در جوق شرکت اسکی ملک گیر مقبولیت اور عوامی اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں حقوق دبانے سے نہیں بلکہ لوٹانے اور عوام کو یکساں ریلیف دینے سے دلوں میں جگہ بناتی ہیں انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ نوازشریف وزارت عظمیٰ کی بجائے لاہور کے میئرکاکردار اداکر رہے ہیں جبکہ دیگر صوبوں باالخصوص خیبر پختونخواکے حقوق کو مسلسل نظر اندازکر رہے ہیں جو قابل مذمت بات ہے انہوں نے مرکزی حکومت سے پرزور مطالبہ کیاکہ وسیع تر قومی مفاد میں ملاکنڈ کسٹم ایکٹ واپس لیا جائے، قومی مردم شماری کا فوری اہتمام کیا جائے، صوبوں اور عوامی امنگوں سے ہم آہنگ نیا این ایف سی ایوارڈ تشکیل دیا جائے اور پاک چین اقتصادی راہداری کو اصل شکل میں بحال کیا جائے انہوں نے واضح کیاکہ منصوبے کے اصل روٹ اور اس پر تمام سہولیات کے ساتھ عمل درآمد ہوناہی اس کی کامیابی کا ضامن بن سکتا ہے وہ دیر پائیں اپنے حلقہ نیابت پی کے 94کے دور افتادہ گاؤں بعول میں بڑے شمولیتی جلسے سے خطاب کر رہے تھے جس سے جماعت اسلامی کے مقامی رہنماؤں کے علاوہ عمائدین علاقہ نے بھی خطاب کیا مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہاکہ وزیر اعظم نواز شریف نے ژوب میں مولانا فضل الرحمان،محمود خان اچکزئی،میاں افتخار حسین اور دیگر سیاسی جماعتوں کے لیڈروں کے ہمراہ سی پیک کوریڈور کی چھ لین شاہراہ کا افتتاح کیا تھا مگر وہ محض عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے دھوکہ اور ڈھونگ تھاکیونکہ یہ دراصل کوریڈور نہیں تھاکوریڈورصرف سڑک کا نام نہیں ہوتا بلکہ اس میں گیس،بجلی،ریلوے لائن،ایل این جی لائن اور صنعتی زون کا شامل ہونا بھی ضروری ہے ا نہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک مکمل نظریاتی اور جمہوری جماعت ہے یہ کسی خان یا وڈیرے کی جاگیر نہیں اور نہ ہی ہم موروثی سیاست کے قائل ہیں ہم اقتدار میں آ کر ملک میں امن و امان،عدل و انصاف اور معاشی خوشحالی کا بول بالا کریں گے ہم عوام کو خدمت کے جذبے سے سرشار مخلص قیادت مہیاکریں گے انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی مقبولیت میں روزبروزاضافہ ہو رہا ہے اور جلد ملک بھر میں جماعت اسلامی ایک بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرے گی اس موقع پر انہوں نے دیر پائیں کی تعمیر وترقی اوربلدیاتی نمائندوں کو فنڈز و اختیارات کی منتقلی کے حوالے سے کئی اقدامات کاذکر بھی کیا اور یقین دلایاکہ ہم عوامی نمائندوں کو مایوس نہیں کریں گے بلکہ انہیں خوشخبریاں دیں گے۔

Exit mobile version