Site icon Daily Chitral

اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی وقت کا اہم ضرورت ہے اور اسی بنیاد پر بلدیاتی الیکشن کرائے گئے تھے۔ ضلع ناظم مغفرت شاہ

چترال (نامہ نگار) ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ بلدیاتی نظام میں منتخب بلدیاتی اداروں کو وسائل اور اختیارات ملنے کا اب بھی انتظار کیا جارہا ہے اور یہ عوام کا حق بھی ہے کہ ان کے ووٹوں سے منتخب ہونے والوں کو وہ مقام دیا جائے جس میں وہ عوامی مسائل کو ان کے دہلیز پر حل کرسکیں اور اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی وقت کا اہم ضرورت ہے اور اسی بنیاد پر بلدیاتی الیکشن کرائے گئے تھے۔ جمعہ کے روز سوسوم کریم آباد کے ویلج کونسل آفس کی افتتاح کے موقع پر ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ضلعی حکومت تمام پسماندہ علاقوں کو وسائل میں برابر کا حصہ دے کر آگے لانے کا ایک وسیع اور واضح پروگرام رکھتی ہے ۔ ضلع ناظم نے کہاکہ ضلع چترال کا مستقبل ترقی کے لحاظ سے بہت ہی شاندارہے جہاں ہائیڈروپاؤر پوٹنشل سے استفادہ چند سالوں کے اندر اندر شروع ہوگا جب گولین گول پراجیکٹ کے ٹرانسمیشن لائن نیشنل گرڈ سے منسلک ہوں گے اور چترال شندور، چترال گرم چشمہ اور بمبوریت روڈ جدید تریں معیار کے مطابق پایہ تکمیل کو پہنچ جائیں گے اور اُ س صورت میں کریم آباد جیسے اطراف کی وادیوں کی سڑکیں بھی معیار کے مطابق تعمیر ہوں گے ۔ انہوں نے اہالیان چترال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے آباد واجداد آج سے کئی صدی پہلے بہت ہی مشکل دور میں یہاں زندگی گزار چکے ہیں اور آج جب اس علاقے میں قدرتی وسائل سے استفادہ کرنے کا وقت آجائے تو ہمیں آپس میں بے اتفاق ہوکر دوسروں کو ان ثمرات سے فائدہ اٹھانے کا موقع نہ دیا جائے اور ہمیں ہر لحاظ سے اس وقت کے لئے اپنے آپ کو تیار کرنے کی ضرور ت ہے۔ ضلع ناظم نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ماضی میں بعض سیاستدان ان دور دراز کی وادیوں کی جذباتی بلیک میلنگ کرکے یہاں سے ووٹ تو حاصل کرلئے لیکن یہاں پر ترقی کا کوئی کام نہیں کیا اور آج تک سڑک کی سہولت بھی ٹھیک طرح سے میسر نہ آنا قابل افسوس بات ہے ۔ انہوں نے سڑک کی تعمیر سمیت کریم آباد کے مختلف مسائل کے حل کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہاکہ ان میں بعض کاتعلق وسائل کی فراہمی سے ہیں جبکہ بعض اب ہی حل ہوسکتے ہیں جن میں فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل بورڈ کا قیام، ٹیلی فون ایکس چینج کو دوبارہ چالو کرانا اور ہیلتھ سنٹر کا قیام شامل ہیں۔ انہوں نے کھیلوں کے حوالے سے بھی علاقے کو ترقی دینے اور ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی طرف سے کریم آباد میں فٹ بال ٹورنامنٹ منعقد کرنے کا اعلان کیا۔ اس سے قبل انہوں نے فیتہ کاٹ کر ویلج کونسل کے دفترکا افتتاح کیا۔ اس مو قع پر ضلع کونسل کے رکن محمد یعقوب ، سابق ضلع نائب ناظم سلطان شاہ، سوسوم ویلج کونسل کے ناظم علی مراد شاہ، اراکین ضلع کونسل ریاض احمد دیوان بیگی، شیر عزیز بیگ، تحصیل ممبر شیر بہادر، سابق یونین ناظم دروش حیدر عباس اور ممتاز قانون دان ظفر حیات ایڈوکیٹ اور عبداللطیف ، اسرار الدین اور محمد شریف بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں عبداللطیف نے پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے تعلیم اور ہیلتھ کی سیکٹروں میں اس کی خدمات کا ذکر کیا اور کہاکہ تاریخ میں پہلی مرتبہ میرٹ کا بول بالا ہوا ہے جس سے غریب کو ہی فائدہ ہوا ہے اور یہ اپنی جگہ تبدیلی کی ایک نشانی ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنمانے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ان دس ہزار اساتذہ کو فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو میرٹ کے بغیر آئے تھے اور اب پڑہانے کی استطاعت نہیں رکھتے ۔ انہوں نے شہزادہ محی الدین اور سلیم خان کو کڑی تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ انہوں نے کریم آباد اور اس سے متصل دوسری وادیوں کے عوام کو سبز باغ دیکھا کر اور ان کو فرقہ واریت کا نقشہ دیکھاکر ان سے ووٹ بٹور تے رہے ۔انہوں نے کہاکہ ان مہم جوؤں کے دن گنے جاچکے ہیں اور اب کوئی ان کے دام میں پھس نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ قائد تحریک عمران خان بلدیاتی نظام کو اس کے اصل شکل میں قائم اور نافذ کرنے میں مخلص ہیں۔

Exit mobile version