Site icon Daily Chitral

چترال سنٹرل ایشیائی ممالک سے قربت رکھنے اور دریائے آمو سے صرف 178کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے ، اقتصادی راہداری کا متبادل راستہ بھی یہی سے گزرنا چاہئے،عنایت اللہ خان

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال ) سینئر صوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ چترال سنٹرل ایشیائی ممالک سے قربت رکھنے اور دریائے آمو سے صرف 178کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہونے کی وجہ سے جغرافیائی اہمیت کا حامل ہے اور اقتصادی راہداری کا متبادل راستہ بھی یہی سے گزرنا چاہئے جس سے علاقے میں ترقی اور خوشحالی آئے گی۔ چترال کے وادی گرم چشمہ میں گبور فیسٹول کی احتتامی تقریب سے خطاب کرفتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چترال کے عوام انتہائی زندہ دل ہونے کے ساتھ محب وطن، مہذب اور تعلیم یافتہ ہیں اور اگر کسی کو شرافت اور زندہ دلی دیکھنا ہوتو وہ چترال آکر دیکھ لے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ قیام پاکستان سے لے کر اب تک گبور وادی کی سڑک کی طرف کسی نے توجہ نہیں دی کیونکہ اس علاقے کی پسماندگی اور یہاں غربت کی بنیادی وجوہات میں یہاں سڑک کا نہ ہونا ہے ۔ عنایت اللہ نے کہاکہ چترال کے عوام نے گزشتہ بلدیاتی انتخابات میں بہترین قیادت کو سامنے لائی ہے اور ضلع ناظم باصلاحیت ہونے کے ساتھ ساتھ دور اندیش بھی ہے اور ترقی کے حوالے سے ایک وژن رکھتے ہیں اور اسی کے درخواست پر صوبائی حکومت نے ضلعے کی تیز ترقی اور گزشتہ سال کی سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے ایک ایر یا ڈیویلپمنٹ پراجیکٹ کے قیام کا فیصلہ کرتے ہوئے اس کے لئے 50کروڑ روپے کی خطیر رقم بھی مختص کردی ہے۔ صوبائی سینئر وزیر نے گبور روڈ کی تعمیر کے لئے لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے دو کروڑ روپے کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ صوبائی حکومت سے مزید فنڈز اس میں IMG_20160902_163120رکھنے کی کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ گبور فیسٹول کا انعقاد اہمیت کا حامل ہے جس سے چترال بھر سے عوام کو تفریح کا موقع میسر آتا ہے اور اس فیسٹول کو صوبائی حکومت کے کیلنڈر ایونٹ میں شامل کرنے کے لئے ضابطہ کار کے مطابق کام کیا جائے گا۔ انہوں نے فیسٹول کے انعقاد پر گرم چشمہ سے ضلع کونسل کے رکن محمد حسین کی کوششوں کی داد دی۔ اس سے قبل ضلع ناظم نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گرم چشمہ کے عوام کے ووٹوں سے منتخب شخص محمد حسین نے موجودہ ضلعی حکومت کے حق ووٹ دیا تھا اور یہ بات اپنی جگہ ایک حقیقت ہے کہ جب تک ضلعی حکومت کی لگام ان کے ہاتھوں میں ہوگی، کوئی بھی بااثر شخص کسی دوسرے پر ظلم کرنے کا سوچ بھی نہیں سکے گا جبکہ ماضی قریب میں لوٹ کوہ کے عوام کی ووٹوں سے منتخب ایم پی اے نے سین لشٹ میں درجنوں گھرانوں کو خالی کرنے والے کاساتھ دیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے فرقہ ورانہ تعصب کو چیو پل سے نیچے پھینک کر بھائی چارے کا مظاہر ہ کرکے سلیم خان کو کامیاب بنایا تھا۔ انہوں نے کہاکہ آنے والا وقت اپنے ساتھ چیلنج لارہا ہے جس کے لئے تیار رہنے کی ضرور ت ہے ۔ انہوں نے گبور گراونڈ کے لئے چار لاکھ روپے کا اعلان کردیا۔ اس موقع ضلع کونسل کے رکن محمد حسین نے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سے مطالبہ کیاکہ شاہ سلیم کو ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے جس سے علاقے میں کئی ہزار افرا د کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔ انہوں نے گبور کے لئے سڑک کی تعمیر سمیت دیگر مسائل کا بھی ذکر کیا۔ اس موقع پر ضلع نائب ناظم مولانا عبدالشکور نے بھی خطاب کیا۔ دریں اثناء جشن گبور تین روز تک اس دور افتادہ علاقے میں رنگینیاں بکھیرنے کے بعد احتتام پذیر ہوا جس میں پولو، بزکشی، فٹ بال، پہاڑی دوڑ اور دوسرے مقامی کھیل شامل تھے۔ گبور بخ ٹیم نے زبردست مقابلے کے بعد دغیڑی ٹیم کو تین گولوں سے شکست دے دی۔ صوبائی وزیر گبور جاتے ہوئے کئی مقامات پر ضلعی حکومت کی طرف سے تعمیر کردہ مختلف منصوبوں کا بھی افتتاح کیا۔ تحصیل ناظم چترال مولانا محمد الیاس اور تحصیل کونسل اور ضلع کونسل کے اراکین کثیر تعداد میں اس موقع پر موجود تھے۔

Exit mobile version