Site icon Daily Chitral

جماعت اسلامی ضلع چترال نے ملک سے بے پردگی اور بے حیائی کے خاتمے اور اسلامی اقدار کے مطابق معاشرے کی تشکیل کی اہمیت واضح کرنے کے لئے یوم حجاب مناتے ہوئے آگہی واک

چترال ( نمائندہ ڈیلی چترال ) جماعت اسلامی ضلع چترال نے اتوار کے روز ملک سے بے پردگی اور بے حیائی کے خاتمے اور اسلامی اقدار کے مطابق معاشرے کی تشکیل کی اہمیت واضح کرنے کے لئے یوم حجاب مناتے ہوئے آگہی واک کا اہتمام کیا جوکہ جامع مسجد بازار چترال سے شروع ہوکر کڑوپ رشت بازار سے ہوتے ہوئے اتالیق بازار میں احتتام پذیر ہوئی ۔ جماعت اسلامی کے امیر ضلع مولانا جمشید احمد کی قیادت میں اس واک کے شرکاء حجاب اور حیاء کی اہمیت پر مبنی بینر اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے ۔ واک کے احتتام پر مولانا جمشید احمد نے ایک قرارداد کے ذریعے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک کی اسلامی اساس کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ملکی میڈیا میں بے حیائی اور فحاشی وعریانی کی بیخ کنی کا اہتمام کیا جائے تاکہ نئی نسل 5بے روی سے بچ سکے۔ قرارداد میں کہاگیا کہ حیاء کو اسلام میں ایمان کی تکمیل کا ذریعہ قرار دیاگیا ہے لیکن نام نہاد روشن خیالی اور مغرب زدہ افراد ملک میں بے حیائی کو فروع دے کر معاشرے کی جڑوں کوکھوکھلا کرنے میں لگے ہوئے ہیں جن کو اپنے مقصد میں ہرگز کامیابی حاصل نہیں ہوگی۔ قرارداد میں چترال انتظامیہ اور پولیس سے مطالبہ کیا گیا کہ چترال میں بے حیائی پھیلانے کے تمام ممکنہ صورتوں پر کڑی نظر رکھا جائے ۔واک میں پارٹی کے دیگر رہنما جنرل سیکرٹری ہدایت اللہ، نائب امیر معراج الدین، اسسٹنٹ سیکرٹری عبدالشریف خان، قاری فدا محمد، ناظم تربیت مولانا سلامت اللہ، ناظم بیت المال نثار احمد شاہنوی اور تحصیل امیر عتیق الرحمن نے بھی شرکت کی۔ دریں اثناء یوم حجاب کی مناسبت سے جماعت اسلامی کی شعبہ خواتین کے زیر اہتمام بھی ایک پروگرام بکرآباد کے مقام پر منعقد کیا گیا تھاجس میں خواتین مقرریں نے پردے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

Exit mobile version