چترال(بشیر حسین آزاد) عوامی نیشنل پارٹی چترال کے ضلعی قائدین اور اراکین کا ایک ہنگامی اجلاس سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ امیر حیدر خان ہوتی کے اکتوبر میں متوقع دورہ چترال کے حوالے سے مرکزی دفتر میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سابق وزیراعلیٰ کی شایان شان استقبال کیلئے مختلف کمیٹیوں کی بھی تشکیل ہوئی۔ اے این پی کے ضلعی اراکین نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ امیر حیدر خان ہوتی نے اپنے دورحکومت میں متعدد بار نہ صرف چترال کا دورہ کیا بلکہ کئی ایک میگاپراجیکٹس کو بھی عملی جامہ پہنایا۔ان کی خدمات اور چترال کے ساتھ ان کی دلچسپی اور خلوص محبت کا ہر ایک چترالی معترف ہے اور بجاطورپر باشعور طبقہ ان کو محسن چترال مانتے ہیں۔اے این پی کی ضلعی قیادت نے چترال کے تمام طبقہ فکر سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر اپنی روایتی مہمان نوازی اور احسان شناسی کا ثبوت دیکر سابق وزیراعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی کی شایان استقبال کریں۔اجلاس میں ضلعی صدر مولانا عبداللطیف،سابق صدر سید مظفر حسین جان،جنرل سیکرٹری عباد اللہ،شیر اغا،عزیز بیگ اور جوائنٹ سیکرٹری ملاکنڈ ڈویژن خدیجہ سردارکے علاوہ دیگر رہنما بھی موجود تھے۔اجلاس کے بعد خدیجہ سردار نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ7اکتوبر کو سابق صوبائی وزیرسرحسین بابک اور صوبائی نائب صدر حاجی جاوید چترال کا دورہ کرینگے۔جس کے بعد سابق وزیراعلیٰ اور صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی کے دورہ چترال کیلئے تاریخ مقرر کی جائیگی۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ سابق وزیراعلیٰ چترال میں ایک عظیم الشان جلسے سے خطاب کرینگے۔جس میں ضلع بھر سے بڑی تعداد میں لوگ عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرینگے