Site icon Daily Chitral

قومی معاملات پر مرکز سے نتیجہ خیز اور فیصلہ کن مذاکرات کا فیصلہ کیا ہے.مظفر سید ایڈوکیٹ

پشاور(نمائندہ ڈیلی چترال)خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے انکشاف کیا ہے کہ انکی حکومت نے متعدد قومی معاملات پر مرکز سے نتیجہ خیز اور فیصلہ کن مذاکرات کا فیصلہ کیا ہے جن میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ، این ایف سی ایوارڈ، مردم شماری، پن بجلی منافع و بقایاجات اور توانائی پالیسی و حکمت عملی پر نظرثانی شامل ہیں تاکہ صوبے کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور ان پر بڑھتے ہوئے عوامی خدشات کو دور کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ اس مہینے کی 22اور 23تاریخ کو ہونے والا جماعت اسلامی کا اضاخیل اجتماع کرپشن اور بدعنوانیوں کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکنے کا باعث بنے گا جس کے خلاف ہماری صوبائی حکومت نے شروع دن سے جہاد شروع کیا ہے جبکہ اس میں قوم کو درپیش اندرونی اور بیرونی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے لائحہ عمل اور عوامی عزم بھی واضح طور پر سامنے آجائے گاوہ لکی مروت میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام مشاورتی کونسل کے اجلاس اور جنوبی اضلاع میں مختلف مقامات پر ورکرز اجتماعات میں شرکت کے بعد سرائے نورنگ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے سابق سینیٹر پروفیسر محمد ابراہیم خان، سابق وزیرماحولیات شاہ راز خان اور سابق ایم این اے بختیار معانی سمیت کئی جماعتی زعماء بھی انکے ہمراہ تھے مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا کہ وفاقی حکومت کے پاس چھوٹے صوبوں کے حقوق مسلسل روکے رکھنے اور عوام کو زبانی جمع خرچ پر خوش کرنے کا کوئی بھی اخلاقی جواز باقی نہیں رہا بلکہ انکی جلد اور بلاچوں و چرا واگزاری میں اس کا بھلا ہے انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ مرکز واپڈا سمیت توانائی اور ڈیموں سے متعلق تمام محکمے بھی صوبوں کے حوالے کر دے جو اس حوالے سے مرکز کا بھاری بھر کم بوجھ ہلکا کرنے اور بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ سے ناراض عوام کو مطمئن کرنے کا واحد راستہ بھی ہے انہوں نے کہا کہ عوام کی ضروریات کی تکمیل صرف صوبائی حکومتیں ہی بہتر انداز میں یقینی بنا سکتی ہیں وزیر خزانہ نے یہ عزم دہرایا کہ انکی حکومت اور جماعت معاشرے میں کرپشن کی بیخ کنی اور میرٹ، قانون اور انصاف کی بالادستی یقینی بنانے کیلئے جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھے گی انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اضاخیل اجتماع میں ملک بھر سے عوام کو بھرپور شرکت کیلئے فعال بنائیں کیونکہ یہ اجتماع ملک و قوم اور اسلام دشمن قوتوں کے گھناؤنے عزائم ناکام بنانے کیلئے ایک بڑا مکا ثابت ہو گا اور دنیا پر واضح کرے گا کہ پاکستانی عوام اپنے قومی، معاشی اور سیکورٹی معاملات سمیت تمام چیلنجوں پر یک جان ہیں اور کسی بھی جارحیت پر سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح اپنی بہادر افواج کا ساتھ دینگے۔

Exit mobile version