Site icon Daily Chitral

آئندہ بجٹ میں معذوروں کے فنڈز اور ملازمتی کوٹہ میں مزید اضافہ ہوگا۔مظفر سید ایڈوکیٹ

پشاور(نمائندہ ڈیلی چترال )خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کو مفید فرد بنانا معاشرے کااولین فرض ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ انہیں بے پناہ صلاحیتوں سے نوازتا ہے نبی مہربانﷺ نے معاشرہ میں جس پیغام کو عام کیا ہے وہ انسانیت سے محبت کا درس ہے اگر اللہ نے انسان کے حواس خمسہ سے کوئی نعمت چھین لی ہے تو اپنے اس بندے کو صبر اور ہمت کے علاوہ نئی صفات سے نوازا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہری پور میں معذورافراداور سفید چھڑی کے بین الاقوامی دن کی مناسبت سے ویلفیئر آرگنائزیشن فار پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا کہ آج دنیا بھر میں افراتقری پھیلانے والے بم دھماکے کرنے والے اپنے اعضاء میں پورے ہیں مگر تاریخ شاہد ہے کہ کسی ڈس ایبل پرسن نے اس دنیا کے امن کو کوئی نقصان پہنچنے نہیں دیا درحقیقت خرابی عوام میں نہیں بلکہ نظام اور حکمران میں ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اب تک پاکستان میں انگریز کا دیا ہوا نظام چل رہا ہے غریب کے نام پرسیاست کرنے والے ایوان اقتدار میں پہنچ کر غریب کو بھول جاتے ہیں آج تک پاکستان میں نظام کو بدلنے اور اپنے جیسے لوگوں کو اقتدار تک پہنچانے کی کوشش نہیں کی گئی جب تک پاکستان کے عوام اپنے جیسوں پر اعتماد کر کے اسمبلیوں تک نہیں پہنچائیں گے اس وقت تک حقیقی تبدیلی نہیں آسکتی اور نہ ہی عوام کی تقدیر بدل سکتی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاست اور حکومت کرنے والے خان ، وڈیرے اور جاگیر دار روز بروز امیر سے امیر تر ہوتے جا رہے ہیں جبکہ عام آدمی غریب سے غریب تر ہوتا جا رہا ہے ہمارا موجودہ نظام استحصالی نظام ہے اور جب تک اس استحصالی نظام کوہم خود نہیں بدلیں گے اللہ ہماری حالت نہیں بدلے گا اب وقت ہے کہ نبی مہربان ؐ کے شہرِ مدینہ کا نظام اس ملک میں آئے اور انسانیت کے بھولے ہوئے سبق کو پھر سے دہرایا جائے سپاسنامہ کے جواب میں انہوں نے یقین دلایا کہ میں آپ کے مسائل اور مطالبات آپ کے ترجمان اور وکیل کی حیثیت سے وزیر اعلیٰ، کابینہ اور اسمبلی کی سطح پر اٹھاؤں گا انہوں نے سوشل ویلفیئر کے ضلعی حکام کو ہدایت کی کہ وہ نابینا، گونگے اور بہرے افراد کے مسائل توجہ سے سنیں اور ان کو حل بھی کریں ہم اپنے صوبہ کے آئندہ بجٹ میں ڈس ایبل پرسنز کیلئے پہلے سے زیادہ رقم مختص کر کے ان کو معاشرے کا باوقار اور مفید شہری بنائیں گے نیز سرکاری ملازمتوں میں ان کا کوٹہ بھی مزید بڑھائیں گے مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی موجودہ حکومت کا حصہ اس لئے ہے کہ اس نے کرپشن کے خاتمے اور میرٹ کی بالا دستی کی بات کی ہے اورہم انہی مشترکہ نکات پر حکومت میں ہیں ہمارے تمام تر مسائل اور مشکلات کا حل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے جس میں حق دار کو اس کا حق ملتا ہے اب بنیادی انسانی حقوق اور ضروریات عوام کو دہلیز پر ملیں گی انہوں نے کہا کہ اسلامی نظام کی ہوائیں خیبر پختونخوا سے ہوتی ہوئی پورے پاکستان میں پھیلیں گی غریب پر احسانات جتانے کی بجائے ان کا حق ان کو دیا جائے گا انہوں نے شرکاء کو 22، 23اکتوبر کو اضاخیل نوشہرہ میں ہونے والے جماعت اسلامی کے اجتماع عام میں شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ ہم آپ سپیشل پرسنز کیلئے اجتماع عام کے پنڈال میں خصوصی گوشہ بھی رکھیں گے تقریب سے پروگرام کے منتظمین و آرگنائزیشن کے صوبائی صدرنعیم افضل اعوان ، ضلعی صدر راجہ جارج ،تحصیل ناظم طارق محمود خان، جماعتِ اسلامی ہری پورکے قائم مقام امیر محبوب الرحمن ، پی کے 50کے امیر طاہر عتیق نے بھی خطاب کیا اور حکومت کے ترقیاتی پروگرام کے علاوہ خصوصی افراد کی فلاحی سکیموں کو سراہا۔

Exit mobile version