218

احتساب نہیں استحصال ہو رہا ہے،ان لوگوں کے احتساب کی باتیں ہو رہی ہیں جو ملک کو اندھیروں سے نکال رہے ہیں/وزیراعظم

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمارا احتساب نہیں استحصال ہو رہا ہے،ان لوگوں کے احتساب کی باتیں ہو رہی ہیں جو ملک کو اندھیروں سے نکال رہے ہیں، سڑک اور ٹنل بنا رہے ہیں، جے آئی ٹی ممبرز فرشتے بنے بیٹھے ہیں، لیکن جے آئی ٹی اور پی ٹی آئی کا احتساب کوئی نہیں مانے گا، ہر صبح اٹھتے ساتھ استعفی کی بھیک مانگنے والوں کو شرم آنی چاہیے، اب یہ تماشہ بند ہونا چاہیے، میرے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیر بالا میں لواری ٹنل کے افتتاح کے بعد عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ لواری ٹنل کی تعمیر پر 70 سال کاعرصہ لگانے والوں نے عوام پر ظلم کیا ہے اور اگر 1974 ممیں اس منصوبے پر کام شروع کر دیا جاتا تو 1980 میں پایہ تکمیل تک پہنچ چکا ہوتا۔ انہوں نے لواری ٹنل کی تکمیل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں چترال کو کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے برابر لانا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کو کڑی تنقید کا نشنہ بناتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ اس نے ملک میں دھرنا سرکس شروع کر رکھا ہے اور چار ماہ تک شارع دستور کو یرغمال بنانے کے ساتھ ساتھ پارلیمان اور پی ٹی وی پر حملے بھی کیے لیکن ہم فتنہ پرور اور فساد پھیلانے والی قوتوں کے آگے جھکے نہیں۔ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ساڑھے آٹھ کلومیٹر طویل لواری ٹنل سے چترال کا ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ رابطہ سال بھر قائم رہے گا جبکہ پشاور چترال کے درمیان 14 گھنٹوں کی مسافت گھٹ کر سات گھنٹے ہو گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں