199

سیلاب سے بچاؤ کے جاری منصوبوں میں مزید توسیع کی گئی ہے

خیبر پختونخوا کے سینئر صوبائی وزیر برائے آبپاشی و سماجی بہبود اور قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیر پاؤ نے پختون قوم کی خدمت اور ترقی کے لئے اپنے عزم کااعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی وطن پارٹی کی قیادت کو جب بھی موقع ملتا ہے وہ عوام کی بھرپور خدمت کیلئے اقدامات اٹھاتی ہے یہی وجہ ہے کہ قومی وطن پارٹی کے قائدین نے ہمیشہ ناقابل یقین خدمات انجام دی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وطن کور شیر پاؤ ضلع چارسدہ میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر یونین کونسل بٹگرام کنڑے علاقے سے درجنوں افراد نے مختلف سیاسی پارٹیوں سے مستعفی ہو کرقومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا جن میں منیر خان،الماس خان،شیر افسر،کاشف خان، گل داد خان،سہیل خان آزاد خان اور عزیز خان وغیرہ شامل ہیں جبکہ اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے مقامی رہنما مفتی افتخار،شمشاد خان،عارف پراچہ اور اقبال علی شاہ کے علاوہ ضلعی،تحصیل اور یونین کونسل کے منتخب بلدیاتی ممبران بھی موجود تھے۔پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ضلع چارسدہ باالخصوص دو آبہ کی ترقی کے لئے قومی وطن پارٹی نے نہایت گرانقدر خدمات انجام دی ہیں جبکہ مختلف ترقیاتی منصوبوں پر اس وقت بھی کام جاری ہے جن کی تکمیل سے علاقے کے عوام کی تقدیر بدل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے بچاؤ کے جاری منصوبوں میں مزید توسیع کی گئی ہے جس سے علاقے کو سیلابوں سے مستقل بنیادوں پر محفوظ بنادیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دو آبہ کے علاقے میں دو سمال ڈیمز تعمیر کئے جا رہے ہیں جن کیلئے موجودہ مالی سال کے بجٹ میں دو ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ علاقے میں آبپاشی کے نظام کو مزید مستحکم کیا جا رہا ہے جس کا مقصد علاقے کے کاشتکاروں کی زندگی بہتر بنانا اور زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔سکندر شیر پاؤ نے علاقے کے عمائدین پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی کر کے انہیں سامنے لائیں تاکہ ان پر عملی کام شروع کر کے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ سینئر صوبائی وزیر نے اس موقع پر واضح کیا کہ پورے ضلع چارسدہ میں گیس کی سپلائی کے لئے ایک جامع توسیعی منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس پر بہت جلد عملی کام شروع کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں